ڈوڈہ//پی ڈی پی کے ضلع و بلاک سطح کے عہدیداران اور پارٹی کے سینئر کارکنان کی ماہوار میٹنگ پارٹی کے ضلع صدر شہاب الحق بٹ کی صدار ت میں ڈوڈہ میں منعقد ہوئی جس میں پارٹی امورات پر تبادلۂ خیالات عمل میں لایا گیا اور حلقہ ڈوڈہ میں کچھ نئے تنظیمی بلاک قائم کر کے اُن کے لئے بلاک صدور کی نامزدگی عمل میں لائی گئی۔یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ میٹنگ کے دوران باہمی مشاورت کے بعد پارٹی کے ضلع صدر شہاب الحق بٹ نے کلدیپ سنگھ رانا کو بلاک مرمت اے ،غلام رسول بٹ کو بلاک مرمت بی، سوامی راج بھگت کو بلاک کھلینی، عبدالغنی رشو کو بلاک بھالا،غلام محی الدین بٹ کو بلاک گھٹ،عبدالکبیر ملا کو بلاک گندنہ اے ،غلام حسین بٹ کو بلاک گندنہ بی،مختیار احمد نٹنوں کو بلاک اُدھیانپور اے، فاروق احمد میر کو بلاک بھاگواہ اے اور غلام حیدر بٹ بلاک بھاگواہ بی کا صدر نامزد کیا ۔ اس موقع پر تمام نئے بلاک صدور نے اس عزم کا اظہارکیا کہ وہ بنیادی سطح پر پارٹی کو مضبوط بنانے اور پارٹی کے منشور اور پیغام کو ہر گھر اور ہر بشر تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔اس موقع پر شہاب الحق بٹ نے پارٹی عہدیداران اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی ممبر شپ مہم میں تیزی لا ئیں اور پارٹی کی بنیادی رکنیت میں اضافہ کے لئے دن رات محنت کریں۔اُنہوں نے پارٹی عہدیداران اور کارکنان کو اس بات کی بھی ہدایت کی کہ وہ عوام ساتھ رابطہ رکھیں، اُن کے دکھ درد میں شریک رہیں اور اُن کے مسائل و مشکلات کا ازالہ کے لئے ہر وہ کوشش کریں جو اُن کے بس میں ہو۔اسی طرح عوامی اعتماد حاصل کیا جا سکتا ہے اور جس پارٹی کو عوامی اعتماد حاصل ہو جائے وہی ایک مضبوط پارٹی کہلاتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پی ڈی پی عہدیداران اور کارکنان کو چاہیے کہ وہ اپنے ذاتی مفاد پر عوامی مفادات کو ترجیح دے کراُن توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں جو عوام نے پارٹی کے ساتھ وابستہ کر رکھی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ وہی پارٹی عوام میں مقبولیت کی بلندیاں حاصل کر سکتی ہے جس کے عہدیداران اور کارکنان عوا م کے ساتھ جڑے ہوئے ہوں،بلا امتیاز ہر ایک کی بے لوث خدمت کا جذبہ رکھتے ہوں، اپنے مفادات پر دوسروں کو ترجیح دینے والے اور دوسروں کے لئے قربانی دینے والے ہوں۔اُنہوں نے کہا کہ عوام الناس کے مسائل کے ازالہ کی کوشش کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے کہ ہم میں سے ہر ایک کی یہ کوشش ہونی چاہیے کہ وہ اپنے علاقہ کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرے۔اس قسم کے طرزِ عمل سے ہم عوام کا اعتماد حاصل کر کے پارٹی کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔اُنہوں نے پارٹی عہدیداران اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ موجودہ ریاستی حکومت اور پارٹی کی حصولیابیوں اور تعمیری و ترقیاتی منصوبوں سے عوام کو آگاہ کرکے پارٹی کے متعلق منفی پروپیگنڈہ پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کی کوششوں کو ناکام بنائیں۔اُنہوں نے کہا کہ پی ڈی پی قیادت والی ریاستی مخلوط حکومت کو اگرچہ ابھی تک یکسوئی کے ساتھ کام کرنے کے مواقع بہت کم ملے ہیں،مگر اس کے با وجود اُس نے ابھی تک بہت کچھ کیا ہے اور زمینی سطح پراُس تبدیلی کا آغاز ہو چکا ہے جس کے لئے لوگوں نے اُسے مینڈیٹ دیا تھا۔ اُنہوں نے کہا کہ موجودہ ریاستی حکومت نے ریاست کے ہر خطہ اور علاقہ کی تعمیر و ترقی ایک ایسا سلسلہ شروع کیا ہے جس سے آئندہ چار سال میں ریاست ترقی کی نئی منازل طے کرے گی اور مرحوم مفتی محمد سعید کا لوگوں کا تقدیر بدلنے کا جو خواب تھا محبوبہ مفتی کی قیادت میںوہ پورا ہو جائے گا۔اُنہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ پی ڈی پی کو مضبوط کریںکیوں ریاست کا مستقبل پی ڈی پی کے ہاتھوں میںہی محفوظ ہے۔