مظفر آباد// پاکستانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہی انہوں نے رکھ چکری سیکٹر میں بھارتی کواڈ کاپٹر (ڈرون) مار گرایا۔ادھرحد متارکہ کے مختلف سیکٹروں پر ہندوستانی فوج کی گولہ باری کے نتیجے میں 3 بچیوں اور ایک نوجوان لڑکے سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی ڈرون لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پاکستانی حدود میں 60 میٹر اندر آگیا تھا، جسے پاک فوج کی آگاہی پوسٹ نے نشانہ بنایا۔بیان میں کہا گیا کہ مار گرائے جانے کے بعد پاک فوج نے بھارتی ڈرون کو اپنی تحویل میں لے لیا۔واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کے قریب پاکستانی حدود میں موجود بھارتی جاسوس طیارے کو مار گرایا تھا۔آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا تھا کہ جاسوس طیارے کو فوج نے لائن آف کنٹرول کے قریب بھمبر سیکٹر میں گرایا۔طیارہ فضا سے پاکستانی علاقوں کی فوٹو گرافی کے لیے استعمال کیا جارہا تھا۔ادھرکوٹلی ڈسٹرکٹ کے اسسٹنٹ کمشنر راجہ محمد عارف نے بتایا کہ ہندوستانی فورسز کی جانب سے فائرنگ کا آغاز صبح 9 بجکر 45 منٹ پر ہوا، جس کے نتیجے میں کھوئی رٹہ سیکٹر کی تحصیل چرہوئی میں کیری میں ہلاکتیں ہوئیں۔انھوں نے بتایا کہ ہندوستانی فورسز کی جانب سے بھاری شیلنگ کی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق ایک شیل سبزکوٹ گاؤں کے ایک گھر میں آکر گرا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان، اس کی بہن اور کزن جاں بحق ہوگئی جن کی شناخت 18 سالہ شہزاد، 10 سالہ فائزہ اور 5 سالہ اریبہ کے نام سے ہوئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ شہزاد کا 24 سالہ بھائی محمود اور 12 سالہ بہن شانزہ اور اریبہ کی بڑی بہن شدید زخمی ہوئیں جنہیں پہلے کوٹلی کے ضلع ہسپتال لے جایا گیا جہاں سے انہیں میر پورہ میںمنگلہ کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیاتاہم ہسپتال میں دوران علاج شانزہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔بھمبر ڈسٹرکٹ کے حکام کا کہنا تھا کہ سماہنی اور برنالہ گاؤں میں بھی ہندوستانی فورسز کی جانب سے شیلنگ کی گئی۔سماہنی گاؤں کے پولیس اسٹیشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہاں رات 3 بجے سے بھارتی شیلنگ جاری ہے، جس کے نتیجے میں تعظیم بی بی نامی ایک خاتون زخمی ہوئیںجنہیں میرپور کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ نفیس ذکریا بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں ہندوستانی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 بچیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرچکے ہیں۔دوسری جانب پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ بھارتی فوج کی فائرنگ کا پاک فوج کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا۔