اسلام آباد// پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر بھارت کی جانب سے جاسوسی کی کئی کوششوں کو ناکام بنا چکا ہے،جبکہ ہندوستان کے جارحانہ اقدامات سے خطے کا امن داؤ پر لگ چکا ہے۔ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ چینل سے انٹرویو کے دوران ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی سرزمین پر بھارت کی جانب سے جاسوسی کی متعدد کوششوں کو ناکام بنادیا ہے جس کی تازہ مثال پاکستان کی جانب سے بھارتی ڈرون کو تباہ کرنا اور بحری آبدوز کو پیچھے دھکیلنا ہے۔نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث ہے اورافغانستان کی زمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے، جب کہ پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے بھی بھارت دہشت گردوں کی مالی معاونت کر رہا ہے۔لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فائرنگ کے حوالے سے نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی جانب سے سیزفائر خلاف ورزیوں کے کئی مقاصد ہیںاور اس کا ایک مقصد بھارتی حکومت پر اندرونی سیاسی دباؤ پر پردہ ڈالنا بھی ہے جبکہ ہندوستان کا پاکستان کے خلاف غلط بیان بازی کرنے کا مقصد اسے بدنام کرنا ہے۔ترجمان پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیری عوام کی جدوجہد کو دہشت گردی قرار دے کر کشمیر کی تحریک آزادی کو سبوتاڑ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن ہندوستانی حکومت دنیا کے سامنے حقائق چھپانے میں ناکام ہو رہی ہے۔نفیس ذکریا کے مطابق بھارت کی جانب سے سیزفائر کی حالیہ خلاف ورزیوں کا ایک مقصد جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سے عالمی توجہ ہٹانا بھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں سمیت خطے کے ممالک کو بھارت کے جارحانہ اقدامات کا نوٹس لینا چاہیے۔ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان، بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی حالیہ خلاف ورزیوں اور جارحیت کے معاملات کو اقوام متحدہ میں اٹھائے گا، پاکستان سفارتی تعلقات کو استعمال کرتے ہوئے دنیا کو اس بات پر قائل کرے گا کہ بھارت انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کے قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث ہے۔