سرینگر//وادی کے بالائی علاقوں میں کل سالِ رواں کی پہلی برف باری ہوئی جس سے وادی کے درجہ حرارت میں بہتری ہوئی اور سخت ٹھنڈ سے راحت ملی ہے۔ 20 اور 21 نومبر کی درمیانی رات سونہ مرگ ،زوجیلا ،گمری ،پنجترنی کے پہاڑوں پر تازہ برفباری ہوئی ۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آنے والے 24گھنٹوں میں کچھ مقامات پر ہلکی برف باری اور بارش ہونے کا امکان ہے۔محکمہ کا کہنا ہے کہ برف باری کل صبح ہوئی جبکہ آسمان پر کالے بادلوں کی وجہ سے سردی میں بھی کمی آئی کیونکہ رات کے درجہ حرارت میں بہتری آئی ہے ۔اتوار کی شام کو سر ترین ہوائیں چل رہی تھیں تاہم سوموار کو ان میں کمی آئی البتہ سوموار میں دن کو سورن بالکل نہیں نکلا۔محکمہ موسمیات کے افسران نے بتایا کہ گزشتہ رات کے درجہ حرارت میں 4ڈگری کی بہتری درج کی گئی ۔سرینگر میں رات کا درجہ حرارت2.9 ڈگری سیلشیس تھا جبکہ گزشتہ رات یہ0.9ڈگری سیلشیس تھا۔ مذکورہ آفیسر نے بتایا کہ کوکر ناگ اور گلمرگ دو مخصوص جگہیں تھیں جہاں رات کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے تھا۔ گلمرگ میں رات کا درجہ حرارت 2ڈگری سیلشیس رہا جبکہ پہلگام میں کم سے کم منفی 2.2ڈگری سیلشیس تھا۔کپوارہ ضلع میں کم سے کم درجہ حرارت 0.5سیلشیس رہا ۔ دریں اثناء سرینگر ائر پورٹ پر سوموار کو مسلسل چوتھے روز بھی تمام پروازیں منسوخ کی گئیں۔تاہم حکام کا کہنا ہے کہ بعد دوپہر ڈیڑھ بجے سرینگر سے چندی گڑھ کے لئے جانے والی پرواز اڈان بھر سکی۔(سونہ مرگ سے غلام نبی رینہ کے ساتھ)