سرینگر// وادی میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر رہا ، تاہم وادی بھر میں جمعرات کو ایک مرتبہ بھی دھند چھائی رہی جس کے نتیجے میں دوپہر کے بعد سرینگر کے انٹر نیشنل ائرپورٹ سے کوئی بھی پرواز اڑان نہیں بھر سکی ۔ائرپورٹ اتھارٹی نے بتایا کہ دھند میں کمی کے پیش نظر اگرچہ صبح کے وقت سرینگر ائرپورٹ سے پانچ طیاروں نے بنا کسی خلل کے اڑانیں بھریں ،تاہم دوپہر کے بعد ایک مرتبہ پھر موسم ابرآلودہ ہوا اور گہری دھند کی وجہ سے باقی طیارے اڑانیں نہیں بھر سکے ۔انہوں نے کہا کہ پچھلے دو دنوں سے صبح کے وقت طیارے اڑان بھر رہے ہیں ،جبکہ پچھلے ایک ہفتے سے فضائی ٹریفک دھند کی وجہ سے بری طرح سے متاثر ہوا ہے۔اس دوران محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ وادی میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کو درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر رہا ، تاہم کرگل میں اس رات کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.5ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔رات کے درجہ حرارت میں بہتری کے بعد وادی میں لوگوں نے کچھ حد تک راحت کی سانس لی ہے ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے اگلے 24گھنٹوں تک بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ۔