کپوارہ.//سرحدی ضلع کپوارہ کے لنگیٹ علاقہ میں ہانجی شاٹھ میں فوج کے ساتھ تصادم کے بعد جنگجو فرار ہونے میں کا میاب ہوگئے ۔ گزشتہ مہینے سے لنگیٹ ہندوارہ علاقہ میں کئی بار فوج اور جنگجوئو ں کے درمیان آ منا سامنا ہو اتاہم جنگجو فوج اورپولیس کو چکمہ دیکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ ایک روز قبل جنگجوئو ں نے اودھی پورہ لنگیٹ کے قریب سرحدی حفاظتی فورس کی 21بٹالین پر گھات لگا کر حملہ کر کے دو اہلکارو ں کو زخمی کر دیا جس کے بعد جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے اور فوج کی 30آر آر اور سپیشل آ پریشن گروپ (ایس او جی )ہنداورہ نے علاقہ کے ایک وسیع حصہ کو محاصرے میں لیکر چھپے بیٹھے جنگجوئو ں کی تلاش شروع کی ۔ فوج اور ایس اوجی نے اتوارکو دوران شب ہانجی شاٹھ لنگیٹ علاقہ کو ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر محاصرہ میں لیا جس کے بعد وہا ں شبانہ تصادم ہو ا ۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا سلسلہ اس قدر تھا کہ لوگ اپنے گھرو ں میں سہم کر رہ گئے تاہم جنگجو رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔پیر کی صبح فوج کی بھاری جمعیت کو علاقہ میں راونہ کیا گیا جس کے بعد گھر گھر تلاشی کارروائی کا سلسلہ شروع کیا گیا جو آ خری اطلاعات ملنے تک جاری تھی ۔