سرینگر// بارہمولہ اور سرینگر کے درمیان معطل رہنے والی ریل سروس منگل کو بحال کردی گئی۔ یہ سروس شمالی کشمیر کے پٹن علاقہ میں ریلوے ٹریک کو کچھ نقصان پہنچائے جانے کے بعد معطل کی گئی تھی۔ ریلوے کے ایک افسر نے بتایا صبح ساڑھے آٹھ بجے ریل گاڑی سری نگر کے نوگام اسٹیشن سے بارہمولہ کی طرف روانہ ہوئی۔ انہوں نے بتایا ’پٹن میں کل ریلوے ٹریک کو کچھ نقصان پہنچائے جانے کے بعدریل سروس معطل کی گئی تھی‘۔ مذکورہ افسر نے بتایا کہ نقصان کے پیش نظر کل ایک ٹرین کو پٹن میں ہی رکنا پڑا تھا۔ خیال رہے کہ جموں خطہ کے بانہال اور شمالی کشمیر کے بارہمولہ کے درمیان ریل سروس کو گذشتہ ہفتے قریب ساڑھے چار ماہ تک معطل رہنے کے بعد بحال کیا گیا۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ وادی میں حالیہ کشیدگی کے باعث ریلوے کو ساڑھے چار کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔