بارہمولہ//ڈویژنل کشمیر بصیر احمد خان نے ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں ضلع انتظامیہ بارہمولہ اورکپوارہ کے آفیسران کے ساتھ میٹنگوں کے دوران اہم شعبوں میں مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت اور موسم سرما کے دوران لازمی اشیأ کی دستیابی کے علاوہ دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر ناصر نقاش نے ایک پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت اورموسم سرما کے لئے کئے جارہے انتظامات کے بارے میں جانکاری دی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع بارہمولہ میں ڈسٹرکٹ پلان کے تحت منظورشدہ 231.36کروڑ روپے برائے سال 2016-17ء کے تحت 75.64کروڑ روپے دستیاب رکھے گئے ہیں۔جس میں سے 7دسمبر2016ء تک 44.06کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ تعمیرات عامہ کے شعبے کے تحت 2016-17ء کے دوران 36پُلوں کی تعمیر کے کام کو ہاتھ میں لیا گیا جن پر 10241.14لاکھ روپے کی لاگت آرہی ہے۔ ان میں سے 9پُل مالی سال2016-17ء کے آخر تک مکمل ہوجائیں گے۔انہوں نے اس کام میں مزید سرعت لانے اور کام کو مقررہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے پر زوردیا۔تعلیمی شعبے کی حصولیابیوںکا جائزہ لینے کے دوران میٹنگ میں بتایا گیا کہ حال ہی میں منعقد کئے گئے بورڈ امتحانات میں 98.4طلبأ نے شرکت کی جس پر ہر سو اطمینان کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ میٹنگ کے دوران پی ڈی ڈی کے آفیسران کو ہدایات دی گئیں کہ وہ مقامی لوکل نیوز چینلوں کے ذریعے بجلی کی کٹوتی کا پروگرام جاری کریں تاکہ میٹر والے علاقوں اور غیر میٹر والے علاقوں کے لوگوں کو بجلی کے شیڈول کے با رے میں بروقت پتہ چل سکے۔جب کہ بجلی کے ناجائز استعمال پر روک لگانے کے لئے خصوصی چیکنگ سکارڈ اورپولیس کی خدمات حاصل کی جائیں۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے تحت عید میلاد کے موقعے پر بجلی کی بلا خلل سپلائی کو یقینی بنایا جاناچاہیے۔آبپاشی اور فلڈ کنٹرول محکمے کی کارکردگی کاجائزہ لینے کے دوران ڈویژنل کمشنر نے سوپور اور بارہمولہ میں ڈریجنگ کے ناتسلی بخش کے کام پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو یہ معاملہ ایجنسیوں کے ساتھ اُٹھانے پر زوردیا۔انہوںنے کہا کہ اس کام کی نگرانی ضلع ترقیاتی کمشنر کو کرنی چاہیے۔صحت عامہ کے محکمے پر التوأ میں رکھے گئے پروجیکٹوں اور سکیموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے بھی احکامات بھی صادر کئے گئے۔ضلع بارہمولہ میںموسم سرما کے لئے کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لینے کے دوران بصیر احمد خان نے آفیسروںکو ضلع ہیڈ کوارٹر میں ہی رہنے کی ہدایت دینے کے علاوہ آپسی تال میل بنائے رکھنے اورلوگوں کو لازمی بنیادی سہولیات بہم رکھنے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع میں برف ہٹانے کی مشینیں پوری طرح تیار ہیں اورانہیں ان کے متعلقہ علاقوںمیں پہنچایا گیا ہے ۔ڈویژنل کمشنر نے ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ کو ہدایت دی کہ اس مقصد کے لئے ایک مشترکہ کنٹرول روم قائم کیا جانا چاہیے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نپٹا جاسکے۔بعدمیں صوبائی کمشنر نے ضلع انتظامیہ کپوارہ کے آفیسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ا س دوران اے ڈی سی کپوارہ نے مختلف شعبوں کی مالی اوردیگر حصولیابیوں پر ایک پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے روشنی ڈالی ۔میٹنگ کے دوران ضلع میں موسم سرما کے لئے کئے جارہے انتظامات خصوصاً سرحدی علاقوں میں لوگوں کی راحت رسانی کے لئے کئے جارہے اقدامات کے بارے میںجانکاری دی۔