جموں//کے پی ایس کاڈر کی تشکیل نو کا جائزہ لینے کے لئے ریاستی حکومت نے جمعرات کو 6رکنی وزارتی کمیٹی تشکیل دی ۔کابینہ سب کمیٹی کو ریاستی محکمہ داخلہ کی خدمات حاصل ہوں گی اور یہ اگلی کابینہ میٹنگ میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ اس سلسلہ میں محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن کی طرف سے باقاعدہ حکمنامہ جاری کیا گیا ہے۔ وزیر صنعت چندر پرکاش گنگا اس کمیٹی کے کنونئر ہوں گے جب کہ وزیر صحت بالی بھگت، وزیر جنگلات چودھری لال سنگھ، وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو ، وزیر امور صارفین چودھری ذوالفقار اور وزیر تعلیم نعیم اختر کو بطور ممبر کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ 9دسمبر کو ہوئے کابینہ اجلاس میں کے پی ایس کاڈر کی تشکیل نو کے معاملہ پر تنازعہ پیدا ہوگیا تھا اور بی جے پی وزراء کی طرف سے اختلافات ظاہر کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ اجلاس سے واک آئوٹ کر گئی تھیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ، جس کا قلمدان وزیر اعلیٰ کے پاس ہے ، نے کے پی ایس کاڈر کی کے اے ایس کی طرز پر تشکیل کی تجویز پیش کی تھی لیکن بی جے پی نے اس کی کڑی مخالفت کی تھی۔ اس تجویز کے مطابق کے پی ایس کاڈر کے پولیس افسران کو آئی پی ایس دئیے بغیر ڈی آئی جی کے عہدہ تک ترقی دینے کی راہ ہموار ہو جائے گی ، فی الحال کے پی ایس افسران کو صرف ایس ایس پی کے عہدہ پر ہی تعینات کیا جا سکتا ہے ۔