لاہور// انڈس واٹرز کے کمشنر مرزا آصف بیگ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری آبی تنازع سے نمٹنے کے لیے بہتر راستے کا فیصلہ کرنے کے لیے حکومتی سطح پر مشاورت جاری ہے۔مرزا آصف بیگ نے بتایا کہ ’ہمیں ثالثی عدالت مقرر کرنے کا عمل روکنے کے حوالے سے عالمی بینک کا خط موصول ہوچکا ہے اور ثالثی کے بجائے دونوں ممالک کی حکومتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ تنازع کو دوطرفہ طور پر حل کریں۔‘انہوں نے کہا کہ ’مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے ابھی مشاورت جاری ہے، اس لیے ابھی اس سے متعلق حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا'۔اس سوال پر کہ کیا عالمی بینک کی جانب سے خط موصول ہونے کے بعد ایک ملک نے دوسرے ملک سے کوئی رابطہ کیا، مرزا آصف نے اپنے پرانے جواب کو دْہراتے ہوئے کہا کہ حکومتی سطح پر معاملہ ابھی زیر غور ہے۔