سرینگر//چلہ کلان نے اپنی آمدکی پہلی رات ہی سخت تیور دکھا تے ہوئے سردیوں کا 6برس کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔سردی کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ گرمائی دارالحکومت سرینگر میں چلہ کلان کی پہلی رات کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.5ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا۔جبکہ ،کپوارہ ، قاضی گند ، لہہہ اور کرگل میں بھی رواں موسم سرما کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق اس سے قبل سرینگر میں 27دسمبر 2010 کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 6,6ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا تھاجبکہ اس سے قبل 13دسمبر 1934کو یہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12.8ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے ۔محکمہ کے مطابق پچھلے 6برسوں میں پہلی بار منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو سرینگر میں ایک اور نیا ریکارڈ قائم ہو گیا ہے ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے اگلے کئی روز تک موسم خشک اور ٹھنڈا رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔منفی درجہ حرارت کے باعث ڈل اور دیگر آبی ذخائر کے علاوہ پانی کے نل جزوی طور پر منجمندہوگئے تھے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ چلہ کلان جو گذشتہ رات کی نصف شب شروع ہوا، کی پہلی ہی رات مطلع صاف اور موسم خشک رہنے کی وجہ سے کم سے کم درجہ حرارت میں غیرمعمولی گراؤٹ درج کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ وادی میں اگلے تین دنوں کے دوران بارش یا برف باری کا کوئی امکان نہیں ہے اور مطلع بھی مجموعی طور پر صاف رہے گا جس کے باعث شدید ٹھنڈ کی صورتحال میں مزید اضافہ درج کیا جاسکتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے سیاحتی مقام گلمرگ کا درجہ حرارت ایک بار پھر سرینگر کے مقابلے میںبہتر ریکارڈ کیا گیا ہے۔جہاں منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.2ڈگری سلسیش ریکارڈکیا گیا ہے جبکہ سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ادھر کپوارہ میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی5.5، کوکر ناگ میں منفی3.8اور قاضی گنڈ میںمنفی5.6ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا۔ جموں خطے کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے جس کے نتیجے میں بانہال ، بھدرواہ ، کٹرہ ،بٹوت اور جموں میںشبانہ سردی کی لہر دوڑ گئی ہے۔جموں میں گزشتہ رات کا کم سے کم درجہ حرارت 5.2ڈگری، کٹرہ میں10.1، بٹوت میں6.8، بانہال میں4.7جبکہ بھدرواہ میں1.9ڈگری سیلشیس رہا۔ خطہ لداخ میں بھی چلہ کلان کے آغاز پر کم سے کم درجہ حرارت میں غیرمعمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ لیہہ میں گذشتہ رات رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جس کے دوران وہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 14.9ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرحدی قصبہ کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ خیال رہے کہ وادی میں چلہ کلان کے تقریباً سبھی چالیس دنوں کے دوران وادی میں رات کا درجہ حرارت نقطہ انجما د سے نیچے ریکارڈ کیا جاتا ہے جبکہ بیشتر آبی ذخائر بشمول شہرہ آفاق جھیل ڈل، جھیل ولر جزوی طور پر منجمند رہتے ہیں اور دریائے جہلم اور لدر میں پانی کی سطح میں کمی دیکھی جاتی ہے۔محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں موسم خشک رہنے اور شبانہ درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہو نے کی پیشگوئی ہے جس کے پیش نظر چلہ کلان کے انتہائی سخت ہونے کا امکان ہے۔