سرینگر//شہرخاص کے کادی کدل علاقے میں آگ کی ایک بھیانک واردات کے دوران5 رہائشی مکانات مکمل طور خاکستر ہوئے جبکہ نصف درجن دکانوں پر مشتمل ایک کمپلیکس کو بھی نقصان پہنچا ۔منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو کادی کدل میں رات کے ساڑھے 10بجے ایک مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جو تیزی سے پھیل گئی اور دیگر کئی مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا ۔جس کے نتیجے میں وہاں خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا اور لوگ چیختے چلاتے اپنے گھروں سے باہرآئے ۔عینی شاہدین کے مطابق آگ اس قدر بھیانک تھی کہ دور دور سے اس کے شعلے نظرآرہے تھے۔ اس موقعہ پر لوگوں نے اپنی سطح پر آگ بجھانے کی کوشش کی۔ آگ کی تپش کی وجہ سے کئی مکانوں میں موجودسامان نے تیزی سے آگ پکڑ لی جسکے باعث 5مکان دیکھتے ہی دیکھتے آگ کی لپیٹ میں آگئے۔اس موقعہ پرفائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کو مطلع کیا گیا اور محکمہ کی گاڑیاں اور درجنوں اہلکار جائے واردات پرپہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔آگ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا تھا کہ آگ بجھانے والی گاڑیوں کی ناکامی کے بعدمزید گاڑیاں طلب کی گئیں اور مجموعی طور پر مختلف علاقوں سے15 گاڑیاں جائے واردات پر پہنچ گئیں۔کئی گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا تاہم اس سے پہلے بڑے پیمانے پر تباہی مچ گئی تھی۔محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی سروسز کے ترجمان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آگ سے ہوئے نقصان کا فوری تخمینہ لگانا ممکن نہیں اور مکمل جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی حتمی رائے قائم کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آگ بجھانے کے دوران فائرسروس عملے کو سخت ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اورآگ بجھانے کیلئے حبہ کدل ،بابہ ڈیمب ،صفا کدل ،رعناواری ،بٹہ مالو ہیڈ کوارٹراور دیگر سٹیشنوں سے15گاڑیوں اور درجنوں اہلکاروں کوکام پر لگایا گیا تھا۔ آتشزدگی میں مقامی مسجد شریف کا نصف درجن دکانوں پر مشتمل ایک کمپلیکس بھی آگ کی لپیٹ میں آیا اور اسے شدید نقصان پہنچا۔ اس واردات میں مجموعی طور لاکھوں روپے مالیت کی جائیداد تلف ہوگئی اور چار مکانوں میں رہائش پذیر نصف دجن کنبے بے گھر ہوگئے ۔اس دوران حریت (ع)چیئرمین اوردارالخیر میرواعظ منزل کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق نے آگ کی ایک بھیانک واردات میں متعدد رہائشی مکانات کے خاکستر ہونے اور بڑے پیمانے پر املاک و جائیداد کے نقصان پر متاثرہ علاقہ کے دورہ کے دوران متاثرین سے مل کر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ میرواعظ نے دارالخیر میرواعظ منزل کے اراکین کو آگ سے متاثرہ افراد کوفوری طورپرہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت دی۔