نئی دلی // ساہتیہ اکیڈمی نئی دلی نے کل سال 2016کیلئے 24زبانوں میںبہترین کتابوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ کشمیری زبان کیلئے ڈاکٹر عزیز حاجنی کی کتاب ’’ أنہ خانہ ‘‘( آئینہ خانہ ) کو امسال کی بہترین کتاب کے انعام سے نوازا گیا ہے۔ ڈاکٹر عزیز حاجنی کو ساہتیہ اکیڈمی کی طرف سے ملنے والا یہ دوسرا انعام ہے۔ سال 2013میں ان کو ڈاکٹر عبدالصمدکے مشہور ناول ’’ دو گز زمین‘‘ کے ترجمہ کیلئے انعام سے نوازا گیا ۔ ’’ أنہ خانہ ‘‘ عزیز حاجنی کی لکھی ہوئی 15ویں کتاب ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کتاب کو کل ججوں کی ہوئی میٹنگ میں آخری مرحلہ کیلئے منتخب کیا گیا ۔ 24زبانوں میں بہترین کتابوں کا انتخاب کرنے کیلئے پروفیسر مرغوب بانہالی، جی این آتش اور بشیر بھدرواہی کو بطور جج مقرر کیا گیا تھا ۔ عزیز حاجنی اسوقت جموں و کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ ، کلچر اینڈ لنگویجزمیں بطور سیکریٹری تعینات ہے اور سال 2008سے لیکر سال 2012 ساہتہ اکیڈمی میں بطور کنوینر منسلک رہے ہیں۔ عزیز حاجنی ادبی مرکز کامراز کے صدر لگاتار تین سال مقرر ہوئے جبکہ انہوں نے امریکہ ، برطانیہ ، کینڈا اور متحدہ عرب عمیرات میں کئی قومی اور بین اقوامی ادبی تقاریب میں حصہ لیا ہے۔ عزیز حاجنی کو آئندہ سال فروری میں دلی میں منعقد ہونے والی قومی سطح کی تقریب میں ایک لاکھ روپے کے نقد انعام اور ٹرافی سے نوازا جائے گا۔