گاندربل//ٹراما ہسپتال کنگن میں ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصے سے دو میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ہونے سے ملازمین کے ساتھ ساتھ مریض بھی بد نظمی کے شکار ہوگئے ہیں۔ڈیرھ ماہ قبل ٹراما ہسپتال کنگن میں تعینات میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر طاہر تبدیل کردیئے گئے جن کی جگہ نئے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر جاوید کوتعینات گیا جن کے چارج سنبھالنے کے چند دنوں میں ہی سابقہ میڈیکل سپرانٹنڈنٹ نے عدالتی حکم کے تحت اپنے تبادلے پرحکم امتناع لایا جس کی وجہ سے ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصے سے ٹراما ہسپتال کنگن میں دو دو میڈیکل سپرانٹنڈنٹ تعینات ہیں۔ اسپتال میں تعینات ملازمین نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصے سے نہ ہی ڈاکٹروں کو اور نہ ہی دیگر عملہ کو تنخواہیں مل رہی ہیں اور نہ ہی ہسپتال میں دوائیوں کی سپلائی ہی پہنچ پارہی ہے جسکی وجہ سے مریضوں کو بھی کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ اس سلسلے میں جب چیف میڈیکل آفیسر گاندربل ڈاکٹر فیاض احمد سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے دو دو میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال ڈائریکٹر ہیلتھ نے تمام اختیارات بلاک میڈیکل آفیسر کنگن کو منتقل کردئے جب تک عدالت میں مکمل فیصلہ نہ ہوجائے۔