سرینگر// کئی سرکاری ملازمین کو ’’نااہل‘‘ قرار دے کر انہیں جبری سبکدوشی پالیسی کے تحت ملازمت سے برطرف کرنے کے سرکاری فیصلے کو عدالت عالیہ میں دھچکہ لگا ہے کیونکہ عدالت نے جبری طور سبکدوش کئے گئے 6ملازمین کیخلاف جاری سرکاری آرڈر کو کالعدم قرار دیا ہے ۔عدالت عالیہ میں مزید کئی برطرف ملازمین کی عرضیاں بھی زیر سماعت ہیں جن پر فیصلہ آنے کی توقع ہے ۔جسٹس آلوک ارادھے پر مشتمل بنچ کے سامنے 6 ملازمین کی عرضیوں پر سماعت کی جنہیں حال ہی میں سرکار کی طرف سے نااہل قرار دے کر جبری طور ریٹائر کردیا گیا تھا ۔عدالت عالیہ نے اس معاملے مین دونوں طرف کے وکلاء کے دلائل سماعت کرنے کے بعد6ملازمین کے خلاف جاری سرکاری حکمنامہ کالعدم قرار دیا اور ان کی ملازمت کی بحالی کے احکامات صادر کئے ۔ذرائع نے بتایا کہ عدالت عالیہ میں اس معاملے پر کئی دیگر عرضیاں زیر سماعت ہیں اور اگلے ایام میں ان پر بھی فیصلہ صادر ہونے کی توقع ہے ۔