فریدآباد// نوٹ بندی کے بعد مرکزی حکومت ٹیکس کی شرحوں میں کمی کرکے ریونیو بڑھانے کی سمت میں کوشاں ہے اور وہ اپنے اس ہدف کو حاصل کرنے کے لئے شرحیں کم کرنے پر غور کررہی ہے ۔ وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے ریونیو سروس کے 68ویں بیچ کے افسران کو آج خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مسابقت کے لئے ملک میں بھی ٹیکسوں کی شرحیں کم کرنے کی ضرورت ہے ۔مسٹر جیٹلی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ٹیکس کی شرحیں کم ہو جس سے خدمات کو زیادہ سے زیادہ عالمی مسابقت کے مطابق بناکر آمدنی میں اضافہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ آنیوالے دنوں میں خدمات میں یہ اہم تبدیلی دکھائی دے گی۔ ریونیو میں اضافہ کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر جیٹلی نے کہا کہ آنے والے وقت میں ایسا ماحول تیار کرنا ہوگا جس سے لوگ ضابطوں پر عمل کریں اور خود سے مناسب ٹیکس کی ادائیگی کریں۔ آنے والے دہائیوں میں ہندوستان ایک ایسا ملک بننے جارہا ہے جہاں ٹیکس کے ضابطوں پر لوگ بخوشی عمل کریں گے ۔یواین آئی