سرینگر//پی ڈی پی صدر اور روزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں سیاسی عمل اورحکمرانی کو ساتھ ساتھ چلانا ہے ۔انہوںنے پارٹی کارکنان پر اس کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے پر زور دیا۔ پارٹی ورکران سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کہا کہ انکی پارٹی کی سب سے بڑی جیت یہ ہے کہ تمام فریقین اس بات پر متفق ہوگئے ہیں کہ سیاسی عمل اور حکمرانی کو ساتھ ساتھ چلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب پارٹی 2002 میں برسر اقتدار آئی تو پی ڈی پی نے نہ صرف اپنے ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھایا بلکہ ریاست میں سیاسی عمل بھی شروع ہوگیا جس کے نتیجہ میں مذاکراتی عمل شروع ہوگیا اور ریاست کیلئے مخصوص اعتماد سازی کے کئی اقدامات اٹھائے گئے۔محبوبہ مفتی نے افسوس کرتے ہوئے کہا کہ سال 2005میں پی ڈی پی کی اقتدار سے علیحدگی کے بعد ریاست میں میں اعتماد سازی کی کوششوں کو دھچکالگا اور یہ سارا عمل سال 2015میںاُس وقت پھر سے شروع ہونے لگا جب مرحوم مفتی محمد سعید نے پھر سے حکومت کی بھاگ دورڈ اپنے ہاتھ میں لی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے لوگوں کو غیر یقینیت سے باہر نکالنے کیلئے ہی انہوں نے حکومت بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں موجود صورتحال کی اصل وجہ سال 2005میں روکاگیا سیاسی عمل ہے کیونکہ تب سے کوئی بھی اعتماد سازی کا اقدام نہیں کیا گیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ جب پی ڈی پی نے گزشتہ سال حکومت سنبھالی تو انہیں ہر ایک چیز کا آغاز دوبارہ کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی اور بات چیت کو ایجنڈا ٓف الائنس کا اہم حصہ بنایا گیا اور ابھی حکومت اپنے ایجنڈے پر عمل کرنا شروع کیا تھا کہ چند امن و ترقی دشمن عناصر نے امن عمل میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے پانچ ماہ کے نامساعد حالات کی وجہ سے سب کچھ رک گیا جس کی وجہ سے نہ صرف حکومت بلکہ سماج کے ہر طبقے کو نقصان اور تکلیف پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نامساعد حالات کے دوران ترقیاتی عمل میں تاخیر کی تو بھرپائی کی جاسکتی ہے مگر جانی نقصان اور امن عمل کو ہوئے نقصان کی بھرپائی نہیں کی جاسکتی ہے اور یہ ناقابل تلافی نقصان ہے۔ محبوبہ مفتی نے ورکران سے کہا کہ وہ عوام کو مفاد خصوصی رکھنے والے لوگوں کی سازشوں سے باخبر کریں جو موت اور تباہی میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاست میں امن قائم کرنے میں مدد کریں تاکہ تمام متلقین سے بات چیت ، راستوں کو کھولنے اور لوگوں کا اعتماد جیتنے کیلئے اقدامات کئے جاسکیں۔ اس موقع پر پی ڈی پی جنرل سیکریٹری سرتاج مدنی اور نظام الدین بٹ نے بھی ورکران سے خطاب کیا ۔