جموں//شیر کشمیر زرعی یونیورسٹی کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر نذیر احمد نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی۔ انہوں نے گورنر کو تعلیمی سال 2016-17 ءمیں یونیورسٹی کی طرف سے چلائے جارہے کورسوں کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے کہا کہ 2017-18کا اکادمک سیشن شیڈول کے مطابق شروع ہوگا ۔انہوں نے مطلع کیا کہ تمام تاخیر شدہ امتحانات کو مکمل کیا گیا ہے اور اب یونیورسٹی میں ہفتے کے 6دِن طلبا اور اساتذہ حاضر رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سال نامساعد حالات کی وجہ سے تعلیمی شعبے کے زیاں کے سلسلے میں سرمائی تعطیلات منسوخ کی گئی ہے۔گورنر نے یونیورسٹی میں تحقیق کو وسعت دینے کے وائس چانسلر کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے یونیورسٹی میں خالی اسامیوں کو پُر کرنے کے علاوہ دیگر امور کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔ مرکزی زراعت اور کسانوں کی بہبود کی وزارت کی طرف سے دھن وانٹ پورہ اور ٹنگ پاوا سنگم میں کسانوں میں 10لاکھ روپے کا ایوارڈ فراہم کئے جانے پر گورنر نے مسرت کا اظہار کیا۔گورنرنے وائس چانسلر کوایوارڈ یافتہ کمیونٹی کو اس ایوارڈ کا بھرپور استعمال کر کے مشکہ بدج اورکمد کی کاشت کو مزید فروغ دینے کے لئے کہا۔ادھر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل این سی سی جموں وکشمیر ڈائریکٹوریٹ میجر جنرل نیلندر کمار نے آج اُن چار سینئر اور چار جونئیر کیڈٹوں کے ہمراہ راج بھون میں گورنراین این ووہرا سے ملاقات کی جو یوم جمہوریہ 2017ءکے پریڈ دستے میں جموں وکشمیر این سی سی کی طرف سے شامل ہو رہے ہیں۔یہ کیڈٹ شری بدیال ، گیتا بھگت ، پرتیکش کھجوریہ اور عمر غزالے ہیں ۔ اُن کے ہمراہ بریگیڈر ایس ڈی مہتا ، گروپ کمانڈر این سی سی گروپ سرینگر لیفٹیننٹ کرنل بی ایس چودھری اور کیپٹن منگل بھی تھے۔دستے کو مختلف مقابلوںمیں کامیابی کی دعائیں دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ یہ گروپ ریاست کے تینوں خطوں کے کیڈٹو ں پر مشتمل ہیں جو ریاست کی نمائندگی کر تا ہے۔انہوں نے کہا کہ این سی سی نظم و ضبط کی صلاحیتیں اُجاگر کرنے کی ایک بہترین تنظیم ہے ۔ اس لئے ریاست سے زیادہ سے زیادہ لڑکوں اور لڑکیوں کو اس میں شامل کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے جے اینڈ کے گرلز این سی سی بٹالین کی طرف سے 60ویں قومی شوٹنگ مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے پر این سی سی ڈائریکٹوریٹ کی سراہنا کی۔