جموں//ریاست کے چیف سیکرٹری بی آر شرما کی صدارت میں ڈرگ ٹریفکنگ کو روکنے کے سلسلے میں ریاستی سطح کی ایپکس کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی ۔ میٹنگ میں فائنانشل کمشنر زراعت پرمود جین اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔ کمیٹی نے بھنگ اور فکی کی کاشت کو روکنے کیلئے کئے جا رہے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے ریاست کے صوبائی کمشنروں کو بھنگ اور اُن کی کاشت والی اراضی کے رقبے کا پتہ لگانے کیلئے سروے کرانے کی ہدایت دی ۔ میٹنگ میں ڈرگ ٹریفکنگ اور بھنگ کی کاشتکاری کو روکنے کیلئے مختلف محکموں کے مابین تال میل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چیف سیکرٹری نے بھنگ کی کاشت کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کی ہدایت دی ۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنران متعلقہ اضلاع میں بھنگ کی کاشت کو تباہ کرنے کے عمل کی نگرانی کریں گے اور بھنگ کی کاشتکاری کو روکنے کیلئے نمبر داروں ، چوکیداروں اور پنچائت نمائیندوں کی خدمات حاصل کی جائے گی ۔ میٹنگ میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا اور مباحثوں کے ذریعے عوام میں اس حوالے سے بیداری پیدا کرنے پر زور دیا گیا ۔ چیف سیکرٹری نے صوبائی انتظامیہ کشمیر کو شمالی ، جنوبی اور وسط کشمیر میں کونسلنگ سنٹروں کی تعمیر کے کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی ۔