کشتواڑ//کشتواڑ کے ایک دور افتادہ پہاڑی علاقے میں خونین سڑک حادثے کے دوران ایک اسکارپیو ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر800فٹ گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ڈرائیور سمیت تمام7افراد ہلاک ہوگئے ۔یہ حادثہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب گلاب گڑھ اشتیاری روڈ پر قصبہ سے 150کلو میٹر دور تھمب گائوں میں اس وقت پیش آیا جب ایک سکارپیو گاڑی زیر نمبر JK02BL-2914 ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں جا گری۔ پولیس نے بتایا کہ حادثہ کی اطلاع ملنے کے بعد اٹھولی اور کشتواڑ سے پولیس پارٹیاں جائے حادثہ پر پہنچیںلیکن رات کو بچائو کارروائی نہیں چلائی جا سکی۔ مہلوکین کی شناخت ڈرائیور منوج کمار ولد موہن لال ساکن اونگائی، نریندر کمار ولد گیان چند ساکن تھام، سنیل کمار ولد صاحب سنگھ ساکن تھام، امن سنگھ ولد دیوان چند ساکن سواش، دھرمیندر سنگھ ولد کرتار سنگھ ساکن بستون، روہت سنگھ ولد روپ سنگھ ساکن سواچھ اور رنگیل سنگھ ولد بودھر راج ساکن سواچھ کے طور پر کی گئی ہے ۔مقامی سرپنچ کرتار سنگھ راٹھور نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جس جگہ پر حادثہ ہوا وہاں قریب 800فٹ گہری کھائی ہے جہاں سے لاشوں کو سڑک پر لانے میں پولیس اور مقامی نوجوانوں کو شدید دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے سڑک کی خستہ حالی کو حادثہ کے لئے ذمہ دار قرار دیتے ہوئے تعمیری ایجنسیوں کے خلاف کارروائی کی مانگ کی ۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی، نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ، وزیر مملکت سنیل شرما، پی ڈی پی ایم ایل سی فردوس ٹاک اور ایم ایل سی نیشنل کانفرنس سجاد کچلو نے الگ الگ بیانات میں اس حادثہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے اس دلدوز سڑک حادثے کے دوران ہوئے قیمتی جانوں کی زیاں پر دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے جاںبحق ہوئے افراد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کشتواڑ سڑک حادثہ پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے جس میں کئی افراد جانبحق ہوئے ہیں۔اپنے ایک تعزیتی پیغام میں نائب وزیر اعلیٰ نے سوگوار کنبوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن امداد بہم رکھنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ کو حادثہ میں زخمی ہوئے افراد کو بہتر علاج و معالجہ کی سہولیات دستیاب رکھنے کی ہدایت دی۔