جموں //جموں سرینگر شاہراہ بند اور ہوائی جہازوں کے کرائے میں بے تحاشا اضافے پر سرکار کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ممبر اسمبلی کنگن میاں الطاف احمد نے کہا کہ اگر سرکار جموں سرینگر شاہراہ کو کھولنے اور ہوائی جہازوں کے کرائے کو اعتدال میں رکھنے میں ناکام ہوئی ہے تو اُس کیلئے صرف ایک ہی راستہ ہے کہ سرینگر مظفرآباد سڑک کو کھول کر لوگوں کو اُس راستے سے آنے جانے کی اجازت دی جائے ۔قانون ساز اسمبلی میں محکمہ داخلہ کے مطالبات زر پر ہونے والی بحث سے قبل ممبر اسمبلی کنگن نے ہوائی جہازو ں کے کرائے کا معاملہ ایوان میں اٹھاتے ہوئے کہا کہ پتہ نہیں کہ سرکار کیا کر رہی ہے کیونکہ جموں سرینگر شاہراہ پچھلے کئی دنوں سے بند پڑی ہے اور جہازوں کا کرایہ بھی جموں سے سرینگر،اور سرینگر سے جموں ہزاروں روپے بڑھا دیا گیاہے اور سرکار اس پر خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ جموں میں درماندہ ہیں جو گھر جانا چاہتے ہیں جبکہ طلاب کو انٹرودینے کیلئے جموں آنا ہے، تو وہ اُتنا پیسہ کہاں سے لائیں گے؟ اور جہاز کا سفر کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ سرکار کو اس کیلئے کوئی بندوبست کرنا چاہئے اور اگر ایسا نہیں کیا جاتا تو سرینگر مظفرآباد سڑک کو کھول دیاجائے تاکہ لوگ ان راستوں سے سرینگر اور جموں پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کو سڑک کھولنے اور ائر انڈیا کمپنیوں سے بات کر کے لوگوں کی مشکلات کا ازلہ کرنا چاہئے کیونکہ ان کمپنیوں نے لوٹ مچا رکھی ہے۔