جموں//ایوان زیریں میں حکمران جماعت پی ڈی پی کو اس وقت امتحان کا سامنا کرناپڑا جب بھاجپا کے شراب بندی کے مطالبے کی اپوزیشن جماعتوں نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے پی ڈی پی سے موقف طلب کیا ۔بی جے پی رکن رویندر رینہ نے وزیر اعلیٰ کے ماتحت محکمہ جات کے مطالبات زر پر تقریر کے دوران ریاست میں شراب پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ۔ ان کاکہناتھاکہ بہار کی طرح یہاں بھی شراب بندی ہونی چاہئے۔اس پر اپوزیشن کے تمام ممبران اپنی نشستوںسے کھڑے ہوئے اور انہوںنے بھاجپا رکن کے مطالبے کی بھرپور حمایت کی ۔شراب بندی کے مطالبے پر شور شرابے کے بیچ نیشنل کانفرنس رکن دیوندرسنگھ رانا نے کہاکہ ایوان میں ایک قرارداد لاکر اس پر ووٹنگ کرائی جائے تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ کون اس کے حق میں اور کون مخالفت میں ہے ۔این سی کے ہی میاں الطاف نے کہاکہ پی ڈی پی شراب بندی پر اپنا موقف واضح کر ے ۔تاہم حکومت کی طرف سے خاموشی پر یہ مسئلہ اگلے چند منٹوں میں خود بخوو ہی دب کر رہ گیا۔