سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل آفیسران کی ایک میٹنگ میںسرینگر شہر کے لئے ٹریفک منیجمنٹ پلان کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر،کمشنر ایس ایم سی،ڈی آئی جی پولیس ،ڈی آئی جی نارتھ سرینگر ،سی آر پی ایف کمانڈنٹ 76،آرٹی او،ایس ایس پی ٹریفک سرینگر اوردیگر کئی محکموں کے آفیسران نے بھی شرکت کی۔میٹنگ میں ٹریفک نظام میں بہتری لانے اوردربار مو کے پیش نظر ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباﺅ کو کم کرنے کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی کمشنر نے بعض لوگوں کی طرف سے بغیر لائیسنس گاڑیاں چلانے کاسنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ٹریفک حکام کو ہدایت دی کہ وہ ڈرائیونگ لائیسنس کے بغیر چلائی جارہی گاڑیوں کو ضبط کریں۔انہوںنے کہا کہ ایسے لوگوںکی ڈرائیونگ لائیسنس بھی منسوخ کئے جانے چاہیں جن کے پاس ڈرائیونگ کامناسب تجربہ نہیں ہوگا۔بٹہ مالو ،مومن آباد،ٹٹو گراﺅنڈ روڈ، رامباغ اور دیگر علاقوں میں ٹریفک نظام کا جائز ہ لینے کے دوران صوبائی کمشنر نے آفیسران پر ایک ہفتے کے اندر اندر ٹریفک منیجمنٹ پلان ترتیب دینے کی ہدایت دی تاکہ ان علاقوں میں ٹریفک کی آمدورفت میں معقولیت اوربہتری یقینی بن سکے۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے محکمہ بجلی کے آفیسران پر زوردیا کہ وہ سڑکوں پر بجلی کے وہ کھمبے ہٹائیں جو کہ سڑک کے درمیان کھڑا ہیں اور ٹریفک کی آمدورفت میں باعث رکاﺅٹ ہیں۔انہوںنے محکمہ تعمیرات عامہ پر ایک ہفتے کے اندر اندر سڑکوں کی ضروری مرمت پر بھی زوردیا۔میٹنگ کے دوران صوبائی کمشنر نے تعمیراتی پروجیکٹوں کی عمل آوری کے لئے باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی تاکہ لوگوں کو دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوںنے مختلف کاموں کی مقررہ وقت میں تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔صوبائی کمشنر نے ایس ایم سی کمشنر پر خوبصورت بس سٹینڈ تعمیر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ناکارہ اسٹریٹ لائیٹس کی فوری مرمت کی بھی ہدایت دی۔