سرینگر//لیکس اینڈ واٹرویز ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد جھیل ڈل کے متصل بیلوارڈ روڈ 4گلیاروں والی سڑک پر رواں ماہ سے کام شروع ہو رہا ہے ۔لاوڈا کی جانب سے این او سی ملنے کے بعد ہی محکمہ آر اینڈ بی نے جھیل ڈل کے متصل بیلوارڈ روڈ کو چار لین بناے کے کام میں سبھی رکاوٹوں دور کیا ہے ۔ محکمہ آر اینڈ بی کے چیف انجینئرشیخ عبد الحمید نے بتایا”سبھی لازمی طریقہ کارمکمل ہوا ہے اوراب 10مارچ سے چار گلیاروں پرکا کام شروع کیا جائے گا ۔ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ”آر اینڈ بی وزیر نعیم اختر نے بھی جائزہ میٹنگ کے دوران حکام کو بیلوارڈروڈ پرچار لین کے منصوبہ پر تیزی سے کام شروع کرنے پر زور دیا ہے۔محکمہ آر اینڈ بی نے ڈل جھیل کے ساتھ ساتھ نہرو پارک سے لیکر کرالہ سنگری تک روڈ کوکشادہ کرنے کیلئے لاوڈا سے این او سی حاصل کی ہے ۔ذرایع نے مزید کہا کہ مذکورہ منصوبے کےلئے رقومات پہلے ہی منظور کئے گئے ہیں ۔ نہرو پارک سے لیکر کرالہ سنگری تک چارلینگ منصوبے کےلئے حکومت نے 33کروڑ روپے مختص کئے ہیںجبکہ سڑک پرایک علیحدہ ٹریک کے لئے 10کروڑروپے اضافی رقم کی ضرورت پڑے گی ۔ ٹریفک کی بلا خلل نقل وحرکت کو یقینی بناے کے لئے حکومت نے اقوام متحدہ دفتر سونوارسے کرالہ سنگری تک مذکورہ سڑک کو بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم پہلے مرحلے میں نہرو پارک سے کرالہ سنگری تک روڈ کوبڑھایا جائے گا۔ مذکورہ روڈ کی چوڑائی کو 8میٹر تک بڑھایا جائے گا جبکہ ڈل جھیل کی طرف سڑک کو ایسے ہی رکھا جائے گا۔محکمہ آر اینڈ بی کے ایک سینئر انجینئر نے بتایا ”مذکورہ سڑک کی تعمیر و تجدید مرکزی روڑ فنڈ کے تحت کی جائے گا۔انہوںنے کہا پہلے مرحلے میں نہرو پارک سے کرالہ سنگری تک کام شروع ہوگاکیونکہ اس لئے اراضی حاصل کرنے پر زیادہ رقومات کی ضرورت نہیں ہے ۔