سرینگر//شوپیان کے زینہ پورہ علاقے میںبی ایس این ایل لینڈ لائن کی ناقص سروس سے صارفین کو سخت ترین مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے ۔ زینہ پورہ شوپیان علاقے میں بی ایس این ایل سروس بیکار پڑی ہو ئی ۔ صارفین کے ایک وفد نے بتایا کہ اکثر و بیشتر لینڈ لائن فون خراب ہی رہتے ہیں لیکن پھر بھی ہم طے شدہ کرایہ ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ اگر چہ فنی خرابی کی وجہ سے ٹیلیفون بند رہنے کے بعد کرایہ لاگو نہیں ہوگا لیکن ہماری فریاد صدا بہ صحرا ثابت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکسچینج میں قائم سروس نمبر زیادہ تر مصروف ہی رہتا ہے جس کی وجہ سے صارفین کو کئی کلو میٹر پیدل چل کر فون ٹھیک کرنے کیلئے ایکسچینج پر جانا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں کے وفد نے الزام عائد کیا کہ جدید دور کی اس دنیا میں ہمیں بی ایس این ایل کی طرف سے بہتر انٹرنیٹ سہولیات بھی میسر نہیں ہے۔ ایک اور صارف نے کہا ”2 ماہ پہلے میں نے انٹرنیٹ چالو کرنے کیلئے 750کا پلان کیا تھا لیکن صرف چار یا پانچ دنوں کے بعد پھر خراب ہوا اور کئی روز انتظار کرنے کے باوجود لائن ٹھیک نہیں ہوئی ،جس کے بعد مجبوراً کنکشن کاٹنا پڑا“ ۔ انہوں نے بتایا کہ اس طرح کی شکایات درجنوں بی ایس این ایل صارفین کو ہے کہ کمپنی کی طرف سے انہیں دو دو ہاتھوں سے لوٹنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ علاقے کے بی ایس این ایل صارفین نے سرکاری مواصلاتی کمپنی کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ صارفین کی شکایت کا ازالہ کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔