سرینگر// تحریک حریت کے لیڈروں راجہ معراج الدین ، الطاف احمد شاہ نے جامع مسجد منی گام، حافظ بشیر احمد فاروقی نے جامع مسجد سوپور، عبدالحمید ماگرے اور عمر عادل ڈار نے جامع مسجد پانتھہ چوک میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باطل قوتیں مقامی سطح سے لے کر عالمی سطح تک مسلمانوں کے خلاف سازشیں رچانے میں مصروف ہیں اور ان باطل قوتوں کی سازشوں کو پائے تکمیل تک پہنچانے میں مفاد پرست، دین بیزار اور حکومت نواز پارٹیوں کا بھرپور کردار شامل ہے۔ مقررین نے کہا کہ مسلمانوں کے پاس ایک ایسا نظام رحمت اور رسول پاکﷺ کا حیات بخش نظام تھا کہ وہ پوری دنیا کی راہنمائی کرکے انسانیت کو امن، سکون، دیانت اور انصاف کا نظام فراہم کرسکتے تھے، مگر بدقسمتی سے مسلمانوں نے اس نظام سے دوری اختیار کی جس کی وجہ سے سامراجی طاقتوں نے مسلمانوں پر ذہنی، فکری اور طاقت کی یلغار کرتے ہوئے اس کو ہر جگہ غلام بنایا اور آج پوری دنیا میں امن کا علمبردار مسلمانوں خود امن اور سکون کی بھیک مانگ رہا ہے اور آج ہر جگہ مسلمان سامراجی طاقتوں کے خونین پنجہ میں جھکڑا ہوا ہے۔ مقررین نے کہا کشمیر فلسطین، افغانستان، میانمار، عراق، لیبیا، شام اور مصر میں مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہایا جارہا ہے۔ استعماری قوتیں امریکہ، اسرائیل، بھارت اور برطانیہ صرف اپنا دماغ استعمال کرکے مسلم ممالک کو آپس میں لڑا کر آگ وآہن کے حوالے کرکے ملّت اسلامیہ کی طاقت کا بھسم کررہے ہیں اور خود یہ طاقتیں تماشائی کا کردار ادا کررہی ہیں۔ مقررین نے کہا جموں کشمیر پر بھارتی فوجی یلغار کے نتیجے میں آج تک لاکھوں مسلمانوں کا خون بہایا گیا۔