سرینگر// تحریک حریت نے تنظیم کے ذمہ دار عبدالمجید لوگری پورہ سوپور کے گھر پر نوٹس چسپاں کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آزادی پسند عوام کو خوفزہ کرنے کے لیے ایسے اوچھے ہتھکنڈے اور حربے آزما رہی ہے، جس سے حکومت کو آج بھی اور مستقبل میں رسوائی کے سوا کچھ ہاتھ آنے والا نہیں ہے۔ تحریک حریت نے پولیس کی اس طرح کی کارروائی کو انسانی حقوق کے ساتھ کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کلہ ان اقدامات سے تحریک آزادی اور مسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ختم نہیں کیا جاسکتا ہے۔ عبدالمجید ایک سیاسی ورکر ہے اور بالائے زمین اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس کے گھر پر اس طرح کا نوٹس لگانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ تحریک حریت نے اسلام آباد کے قائمقام صدرِ ضلع فیاض احمد داس واگہامہ کے گھر آج صبح پولیس چھاپہ ڈالنے اور پھر صدرِ ضلع کے بھائی محمد شفیع داس کو گرفتار کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتقام گیری کی بھی کوئی حد ہوتی ہے، مگر جموں کشمیر میں تمام اخلاقی حدود کو پار کرکے صرف طاقت کی بولی بولی جاتی ہے۔