جموں //انڈین نیشنل کانگریس کا ایک وفد رُکن اسمبلی لہیہ نوانگ رگزن جورا کی قیادت میں گورنر این این ووہرا سے یہاں راج بھون میں ملاقی ہوا ۔ وفد کے ارکان نے ایک آزاد ریاستی الیکشن کمیشن کی عدم موجودگی میں کی جا رہی پنچائت وارڈوں کی حد بندی کے عمل پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے حد بندی عمل کیلئے فوری طور ایک آزاد کمیشن یا میکانزم کے قیام کی مانگ کی ۔ وفد نے اس کے علاوہ مختلف محکموں میں غیر قانونی بھرتیوں ، عوامی تقسیم کاری نظام کے تحت سپلائی کئے جا رہے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ، مقررہ مقدار میں راشن ، چینی ، مٹی کے تیل کی عدم دستیابی ، ڈیلی ویجروں اور کیجول ورکروں کی نوکریوں کو باقاعدہ بنانے میں حد سے زیادہ تعطل ، انتظامی یونٹوں کو چالو کرنے میں التوا ، 1947,1965 اور 1971 کے مہاجرین اور ڈی پی ز کے حق مین پیکج کی منظوری اور ان کیلئے نوکریوں اور پیشہ وارانہ کالجوں میں کوٹا مخصوص رکھنے میں تعطل ، کشمیر سے ایک بار پھر ہجرت پر روک لگانے کیلئے عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنے سے متعلق مسائل پر گورنر سے تبادلہ خیال کیا ۔ گورنر نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی شکائتیں اور مانگیں وزیر اعلیٰ کے ساتھ اٹھائی جائیں گی ۔ وفد میں عبدالرشید ڈار ، ایم ایل اے سوپور ، ایم ایل اے نوبرا ، دہلدن نمگیال ، ایم ایل اے سورنکوٹ چودھری محمد اکرم ، ایم ایل اے شانگس گلزار احمد وانی ، ایم ایل اے اندروال غلام محمد سروری ، ایم ایل اے کرگل اصغر علی کربلائی ، ایم ایل سی نریش گپتا اور سابق ایم ایل سی رویندر شرما شامل تھے ۔