سرینگر// ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے کہا کہ وادیٔ کشمیر میں آخری جنگجو کی ہلاکت تک انسداد عسکریت پسندی کی کاروائیاں جاری رہیں گی۔ ترال میںمارے گئے پولیس کانسٹیبل کو خراج عقیدت پیش کرنے کے سلسلے میں یہاں پولیس لائنز سری نگر میںمنعقدہ تقریب کے حاشئے پر ڈاکٹروید نے نامہ نگاروں کو بتایا ’وادیٔ کشمیر میں آخری جنگجو کی ہلاکت تک انسداد عسکریت پسندی کی کاروائیاں جاری رہیں گی‘۔ پولیس سربراہ نے کہا ’ہم نے ترال میں دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا ہے۔ اُن میں سے ایک حزب المجاہدین کا اعلیٰ مقامی کمانڈر ، جبکہ دوسرا پاکستانی شہری ہے‘۔ انہوں نے کہا ’بدقسمتی سے جھڑپ میں بارہمولہ کے اوڑی کا رہنے والا ایک کانسٹیبل منظور احمدماراگیا‘۔ دریں اثنا پولیس لائنز سری نگر میں منعقدہ مہلوک پولیس اہلکار کی نعش پر پھول مالائیں چرھانے کی تقریب میں پولیس سربراہ کے علاوہ سینئر پولیس عہدیداروں اور ریاستی وزیر تعلیم الطاف احمد بخاری نے حصہ لیا۔