سرینگر// تحریک حریت نے ڈوروسوپور میں پولیس کے چھاپوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس خوف ودہشت کا ماحول قائم کررہی ہے۔تحریک حریت سرینگر کا ایک اجتماع ضلعی دفتر پر منعقد ہواجس کی صدارت ضلع صدر سرینگر راجہ معراج الدین نے انجام دی ۔ اجتماع کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور یہ فریضہ عاشق حسین صوفی نے انجام دیا۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے لیڈروں نے کہا کہ سب سے پہلے ایک مسلمان کو اللہ تعالیٰ کو پہچان لینا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ کے صفات کو سمجھنے سے ہی ایک مسلمان کا عقیدہ درست ہوسکتا ہے اور اگر انسان نے اللہ تعالیٰ ہی کو نہیں پہنچانا تو وہ اللہ تعالیٰ کے احکامات پر کیسے عمل کرسکتا ہے۔اجتماع کے دوران تحریک حریت نے ڈوروسوپور میں پولیس کے چھاپوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس خوف ودہشت کا ماحول قائم کررہی ہے اور چھاپوں کے دوران عبدالعزیز گنائی اور عام شہری فیاض احمد بخاری کی گرفتاری کی مذمت کی اور کہا کہ ان گرفتاریوں اور چھاپوں کا کوئی جواز نہیں ہے۔ تحریک حریت نے فیصل مجید لون لوگری پورہ سوپور کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر کی سرزمین کربلا کا منظر پیش کررہی ہے۔ فیصل مجید لون کو پولیس نے اشتہاری ملزم قرار دیا ہے، جبکہ اس کے بیٹے فیصل مجید کو عوامی تحریک میں حصہ لینے کا ملزم بنایا گیا ہے ۔اس دوران نظامت کے فرائض سیکریٹری ضلع معراج الدین ربانی نے انجام دئے، جبکہ اجتماع میں ایاز اکبر، الطاف احمد شاہ، محمد اشرف لایا، اشفاق احمد، عمر عادل ڈار اور رمیز راجہ کے علاوہ درجنوں ارکان شامل تھے۔