بنی// تحصیل بنی کا بے حد خوبصورت اور قدرتی حسن سے مالا مال علاقہ لوانگ گذشتہ تین ہفتوں سے گھپ اندھیرے میں ہے جس کی وجہ سے علاقہ کی 4 ہزار نفوس پر مشتمل آبادی کوسخت پریشانیوں کاسامناکرناپڑرہاہے۔ لوانگ کے الطاف حسین نامی شخص نے بتایا کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو سخت پریشانیوں کاسامناکرناپڑرہاہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کوبہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے دعوے کررہے ہیں لیکن ان دعوئوں میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں پہلے علاقے کا 250 کے وی کا ٹرانسفارمر جل گیا تھا جو کہ ابھی تک نہ تو مرمت کیا گیا اور نہ ہی مذکورہ گاؤں کو نیا ٹرانسفارمر محکمہ کی جانب سے مہیا کیا گیا ہے ۔ ٹرانسفارمر مرمت نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کودرپیش پریشانیوں کی جانکاری کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ کو دی گئی لیکن محکمہ کی جانب سے تسلی ضروردی گئی لیکن ٹرانسفارمر کی مرمت کے لئے اقدامات نہیں اٹھائے گئے ۔محکمہ کی غفلت کی وجہ سے علاقہ لوانگ تین ہفتوں سے بجلی سپلائی سے محروم ہے جس کی وجہ سے عوام میں تشویش اورمحکمہ کے تئیں غصہ پایاجارہاہے ۔مقامی لوگوں نے مزیدکہاکہ لوگوں کو بجلی کے بل ہرماہ دیئے جاتے ہیں لیکن بجلی سپلائی دستیاب نہیں کرائی جاتی ہے جوکہ عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔انہوں نے فوری طورپر لوانگ کے خراب ہوئے ٹرانسفارمرکی مرمت کرنے یااس کے بدلے میں نیاٹرانسفارمر نصب کرنے کامطالبہ کیاہے۔