مینڈھر //مینڈھرکے علماء نے ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد ہارون ملک کو انتباہ دیاہے کہ اگر شراب بندی پر ان کا وعدہ ایفا نہ ہواتو 7مارچ کے بعد بڑے پیمانے پراحتجاج کیاجائے گا۔ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مفتی حق نواز خان قادری نے ضلع ترقیاتی کمشنر پر واضح کیا کہ وہ اپنا وعدہ نبھائیںجو انہوں نے پچھلے دنوں شراب بندی کے متعلق ہوئے احتجاج کو ختم کرنے کے لئے ٹیلیفون کے ذریعہ عوام سے کیا تھا ۔انہوںنے کہاکہ موصوف نے کہاتھاکہ 7 مارچ تک مینڈھر میں شراب کی بار کو بند کردیاجائے گا، اگر ڈی سی پونچھ نے اپنا وعدہ پورا نہ کیا تو مینڈھر کی سڑکوں پر عوام اتر جائے گی جس کی ساری ذمہ داری ضلع انتظامیہ پر عائد ہو گی۔موصوف نے کہا کہ شراب پر روک لگانے اور تمام ٹھکانوں کو بند کرنے کیلئے ایک ایسی تحریک شروع جائے گی جس کے بارے میں کبھی ضلع انتظامیہ نے سوچا تک نہ ہو گا۔انہوںنے کہاکہ انتظامیہ کو خاموش تماشائی بننے کے بجائے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں کیونکہ شراب و دیگر نشیلی ادویات سے معاشرے میںکئی ایسی چیزیں جنم لے رہی ہیں جو نوجوان نسل کے مستقبل کو مکمل طور پر تباہی کے دہانے پر پہنچا دیں گی۔ موصوف نے کہا کہ دو سال سے یہ جدوجہد کی جارہی ہے کہ نئی نسل کا مستقبل بچایاجائے لیکن انتظامیہ خواب خرگوش میں ہے ۔انہوںنے صاف طور پر کہاکہ اگر سات مارچ تک وعدہ وفا نہ ہواتوپھربڑے پیمانے پر ایجی ٹیشن ہوگی جس کی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی ۔اس موقعہ پر مولانا نثار سلطانی،مولانا مشتاق احمد عطاری،مولانا شرافت حسین،مولانا ریاست علی ،مولانا اعجاز، مولانا سلیم،مولانا علی،سابق وزیر مولانا نثار خان،ایڈووکیٹ تنویر،کفیل خان وغیرہ بھی موجو دتھے ۔