سرینگر//ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی،دختران ملت، پیپلز پولیٹکل فرنٹ،تحریک مزاحمت ،لبریشن فرنٹ (آر) ،پیروان ولایت اور مسلم پولٹیکل لیگ نے جاں بحق ہوئے دونوں جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان ایک مقدس اور محبوب مشن کیلئے اپنی جانیں نثار کر رہے ہیں۔فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خراج عقیدت ادا کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ان کے چھوڑے ہوئے مشن سے وفا کریں اور کسی بھی صورت میں دست قاتل کے ہمنوا اور ساتھی نہ بنیں ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ معصوم جوان اپنی چڑھتی جوانیاں ایک مقدس مقصد کے لئے پیش کررہے ہیں اور ہم اس بات کے وعدہ بند ہیں کہ ہم ان کے چھوڑے ہوئے نقوش کی عملی تعبیر کے لئے خود کو وقف رکھتے ہوئے سفر آزادی کے لئے اپنے عزائم اور ارادوں میں کوئی کمی یاکوتاہی نہ کریں ۔دختران ملت سربراہ آسیہ اندرابی نے کہا ہے کہ یہ نوجوان ایک مقدس اور محبوب مشن کیلئے اپنی جانیں نثار کر رہے ہیں۔اپنے ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ ان بہادر نوجوانوں کی قربانیاں ہماری تحریک کا اصل سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ناقابل سمجھ ہے کہ کس طرح سے جنگجوئوں کو چن چن کر جاں بحق کیا جارہا ہے ۔آسیہ کے مطابق یہ بات بھی قابل تشویش ہے کہ ابو قاسم کے بعد سے اب تک مہمان جنگجوئوں کی نعشوں کو لوگوں کے سپرد نہیں کیا جارہا ہے بلکہ نامعلوم مقامات پر دفنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو کوئی طریقہ ڈھونڈنا پڑے گا جس سے ان مہمانوں کی نعشیںحاصل کر کے انہیں اسلامی طریقہ پر دفنایا جاسکے۔انہوں نے مزید کہاکہ بھارتی افواج نے کشمیری عوام کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ فوجی سربراہ جنرل بپن راوت کی دھمکی کے بعد فوج بے قابو ہو کر تباہی مچا رہی ہے اور نہتے عوام پر گولیاں، پیلٹ اور شیل برسا رہی ہے۔ پیپلز پولیٹکل فرنٹ چیئرمین محمد مصدق عادل نے خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان قومی محسنوں نے نہ صرف حیات جاوداں کا مرتبہ پایا ہے بلکہ اپنی قوم پر ایک احسان عظیم کرکے مقروض کیا ہے۔موصولہ بیان کے مطابق اب یہ ہماری ملی و قومی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اپنے ان محسنوں کی قُربانیوں کی حفاظت کریں تاکہ کل ہمیں وہاں ان کے سامنے شرمندہ نہ ہونا پڑے۔تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال صدیقی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ’ ہمارے جوان اپنی چڑھتی جوانیاں ایک مقدس مشن کی آبیاری کرتے ہوئے ہمارے لئے ایک عظیم درس کا پیغام دے کر جنت کارخ کرتے ہیں اور ضروت اس بات کی ہے کہ ہم یکسوئی اور استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے مشن کے حصول کے لئے اپنا سفر جاری رکھیں‘ ۔لبریشن فرنٹ( آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو ،پیروان ولایت سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی اور مسلم پولٹیکل لیگ کے چیئرمین فاروق احمد توحیدی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ہمیں ان نوجوانوں کی جدائی سے کافی دکھ ہورہا ہے لیکن ہمیں یقین ہے کہ یہ لوگ ابدی زندگی سے سرفراز ہوئے ۔