سرینگر//تحریک حریت،ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ کے وفودترال پہنچنے میں کامیاب ہوگئے جہاں انہوں نے جاں بحق ہوئے جنگجو کے لواحقین سے تعزیت پرسی کی۔تحریک حریت کا ایک وفد جس میں محمد یوسف مجاہد، ظہور الحق گیلانی اور سراج الدین شامل تھے، نے جاں بحق ہوئے جنگجو کے لواحقین تک سید علی گیلانی کا تعزیتی پیغام پہنچایا اور کہا کہ پوری قوم کو ان خاندانوں پر فخر ہے ، جن کے لخت جگر اسلام اور آزادی کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرتے ہیں۔انہوں نے کہا’’ ہم ان کے والدین کو یقین دلاتے ہیں کہ آپ کسی بھی صورت میں تنہا اور بے سہارا نہیں ہیں‘‘۔ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی وفدنے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔وفد میں انجینئر فاروق احمد،محمد یوسف میر، غلام محی الدین لون میڈور، شوکت احمد راتھر ، عاقب افضل جان اور دیگر اراکین شامل تھے۔ ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ چیئرمین فردوس احمد شاہ ترال پہنچنے میں کامیاب ہوا۔انہوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی اور بعد میںجلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قربانیوں کو رائیگان نہیں ہونے دیا جائے گا۔ تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال صدیقی ،جنرل سیکریٹری محمد سلیم زرگر اورپارٹی سے وابستہ دیگر اراکین نے جلوس جنازہ میں شرکت کی۔