جموں//مال ، امداد ، باز آبادکاری اور تعمیر نو کے وزیر عبدالرحمان ویری نے افسروں پر جائیداد کے انتقال کے عمل کو آسان بنا کر ان کو بروقت مکمل کرنے پر زور دیا۔انہوںنے کہا کہ زمین کا انتقال عوام کے لئے آسان بنایا جانا چاہئے۔وزیر نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنروں اورسب ڈویژنل مجسٹریٹوں کو زمین کے انتقال کے عمل کا وقتاً فوقتاً جائزہ لینا چاہئے تاکہ ا س سلسلے میں التوامیں پڑے معاملات کو نمٹایا جاسکے۔ وزیر موصوف یہاں محکمہ کی ایک جائزہ میٹنگ کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کررہے تھے۔ میٹنگ میں فائنانشل کمشنر مال لوکیشن جہا،کمشنر سیکرٹری محمد اشرف میر،ڈویژنل کمشنر جموں پون کوتوال،کمشنر سروے اینڈ لینڈ ریکارڈس شاہد عنایت اللہ،جموں صوبے کے ضلع ترقیاتی کمشنراں اور ڈوڈہ ، راجوری ، ادھمپور و جموں کے سروے اینڈ لینڈ ریکارڈس کے علاقائی ڈائریکٹر صاحبان بھی موجود تھے۔میٹنگ میں اسسٹنٹ کمشنر نزول جموں اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ویری نے افسران کو عوامی خدمات کی فراہمی کو آسان بنانے کی ہدایت دی۔ انہوںنے کہا کہ اس ضمن میں ضلع ترقیاتی کمشنراں اور تحصیلداروں کا کلیدی رول بنتا ہے۔وزیر موصوف نے کہا کہ عوام نے حکومت کے ساتھ امید یں وابستہ کی ہیں لہٰذا انہیں فراہم کی جانے والی خدمات و سہولیات میں مزید بہتری لائی جانی چاہیئے۔ویری نے محکمہ کی مجموعی کارکردگی میں بہتر ی لانے کے تعلق سے افسران کی تجاویز طلب کیں تاکہ لوگوں کو بہتر فائدے پہنچائے جاسکیں اور انتظامیہ میں مزید بہتری لائی جاسکے۔ وزیر موصوف نے مختلف پروجیکٹوں بشمول قومی شاہراہ اور پی ایم جی ایس وائی ، نبارڈ ، پی ڈبلیو ڈی ، بی آر او، بیکن ، سمپرک اور رِنگ روڑ پروجیکٹوں کے تعلق سے زمین کی حصولیابی کے عمل کی صورتحا ل کے بارے میں جانکاری طلب کی۔عبدا لرحمان ویری نے رنگ روڑ جموں / سانبہ ،ایمز سانبہ ،میڈیکل کالج ڈوڈہ / کٹھوعہ/ راجوری کے معاملات میں زمین کی حصولیابی اور ترسیلی لائینوں کو بچھانے کے عمل کے سلسلے میں بھی تفصیلات طلب کیں۔وزیر موصوف نے افسران کو سٹیزنز کونسل قائم کر کے نوڈل ایجنسی کے قیام کی ہدایت دی تاکہ خط افلاس سے نیچے گزر بسر کرنے والے کنبوں کی نشاندہی کی جاسکے ۔صوبائی کمشنر جموں پون کوتوال نے وزیر کو پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے محکمہ کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں جانکاری دی۔عوامی خدمات کے نظام کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے کوتوال نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنروں نے عوامی شکایات سننے اور ان کا ازالہ کرنے کے لئے ہر منگلوار اور ہر جمعرات مخصوص رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ پبلک سروس گارنٹی ایکٹ کے تحت عوامی خدمات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔کمشنر موصوف نے ریاست میں 375 کروڑ روپے کی مالیت کے ڈیجیٹل لینڈ ریکارڈس ماڈرنائزایشن پروگرام کے بارے میں بھی تفصیلات فراہم کیں۔انہوں نے کہا کہ سینٹرل ریکارڈ روم جموں میں ریونیوریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کا کام جاری ہے او راب تک تقریباً 2.40 لاکھ دستاویز سکین کئے گئے ہیں۔قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری کے سلسلے میں وزیر کو بتایا گیا کہ تمام اضلاع میں ایمرجنسی اوپریشن سینٹرس قائم کئے گئے ہیں اور اس سلسلے میں سٹور قائم کرنے کے لئے تما م اضلاع میں زمین کی نشاندہی کی گئی ہے۔