سرینگر//نیشنل کانفرنس کے لیڈر تنویر صادق نے شہر خاص کے نالہ بل، نوشہرہ،صدر بل،حول، زیڈی بل،مدین صاحب اور دیگر درجنوں علاقوں کا تفصیلی دور کیا۔ انہوں نے اس دوران لوگوں کو درپیش مسائل اور مشکلات کی جانکاری حاصل کی۔ لوگوں نے جگہ جگہ پر انہیں اپنے مشکلات اور مسائل بتائے اور موصوف نے کئی معاملات موقعے پر ہی متعلقہ حکام کے ساتھ معاملات اٹھا کر ان کے سدباب کی اپیل کی۔ عوام نے جگہ جگہ پر شکایت کی کہ انتظامیہ مفلوج ہوکر رہ گئی ہے، راشن گھاٹوں میں غیر معیاری اور مہنگے چاول فراہم ہورہے ہیں، بجلی کی فراہمی میں کسی بھی شیڈول کا پاس و لحاظ نہیں رکھا جارہا ہے، سڑکوں کا حال بدحال ہے، گلی کوچوں میں چلنا پھرنا دوبھر ہوگیا ہے۔ تنویر نے حکومت کے اس رویہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی سرکار کی آمد کے ساتھ ہی لوگوں کو مسائل اور مشکلات کے پہاڑ ٹوٹ پڑے اور آج تک حکومت کی طرف سے ایک بھی عوامی مفاد والا فیصلہ یا اقدام نہیں اُٹھایا گیا۔ نہ تو بجلی کی سپلائی بہتر ہوئی، بہ راشن کی فراہمی اور نہ ہی لوگوں کو روز مرہ کی ضروریات میسر ہے۔ سڑکوں کی گلی کوچوں کی بدحالی سے لوگ پریشان ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ بلند بانگ دعوﺅں کی بجائے زمینی سطح پر کام کرکے عوام کو راحت پہنچانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔