جموں//شعبہ اُردجموں یونیورسٹی میں ’ایک شاعرسے ملاقات‘ سلسلہ کے تحت ریاستی کلچرل اکادمی کے سابق سیکریٹری ڈاکٹررفیق مسعودی طلباء سے روبروہوئے۔ اس دوران پروگرام کی صدارت نامورادیب محمدیوسف ٹینگ نے کی۔اس موقعہ پر تقریب کے مہمان خصوصی نامور شاعرفاروق نازکی جبکہ مہمان ذی وقار جواہرلعل یونیورسٹی کے پروفیسر مظہرمہدی تھے ۔صدرشعبہ اُرد و جموں یونیورسٹی پروفیسرشہاب عنایت ملک بھی ایوان صدارت میں شامل تھے۔اس دوران ڈاکٹررفیق مسعودی نے طلباء کے ساتھ اپنی زندگی کے تجربات مشترک کرتے ہوئے بتایاکہ ان کی ابتدائی تعلیم سوپورکشمیرمیں ہوئی اوراس کے آباواجداداولڈسرینگر سے کافی سال پہلے ہجرت کرکے سوپورپہنچے تھے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ میرے انکل صوفی سوپوری کشمیری کے قدآورشاعرتھے۔جب میرے والد غلام احمد مسعودی نے دسویں جماعت 1932 میںپنجاب یونیورسٹی لاہور سے پاس کی تھے اس کے بعد اُردواور فارسی کے مشہورمدرس ہوئے۔انہوں نے کہاکہ میں اعلیٰ تعلیم سوپورکالج سے کی جبکہ ایم اے۔ایم فل اور پی ایچ ڈی (ہندی) جواہرلعل نہرویونیورسٹی نئی دہلی سے کی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ پہلے میں نے ایم بی بی ایس میں داخلہ لیاتھالیکن بعدمیں اس کورس کوترک کرکے ڈگری کالج میں ہندی مضمون کے ساتھ داخلہ لیاجہاں ڈاکٹر اگنی شیکھرسنگھ سے ہندی پڑھی۔ اس موقعہ پرڈاکٹررفیق مسعودی کو فاروق نازکی اور محمدیوسف ٹینگ کو قدآورشاعروادیب قراردیا۔ مسعودی کے خطاب کے بعد طلباء نے ان سے مختلف سوالات بھی پوچھے جن کاانہوں نے جواب دے کر طلباء کومطمئن کیا۔اپنے خطاب میں فاروق نازکی نے رفیق مسعودی کو قابل براڈکاسٹر اور ایڈمنسٹریٹرقراردیا۔ انہوں نے کہاکہ ریڈیو اوردیگراداروں میں انجام دی گئی مسعودی کی خدمات قابل ستائش ہیں۔اپنے صدارتی خطاب میں محمدیوسف ٹینگ نے کہاکہ ڈاکٹررفیق مسعودی نے زبان ،فن وثقافت کوفروغ دینے کیلئے اہم خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے مسعودی کو کلچرل اکادمی کاشاہ جہان قراردیتے ہوئے کہاکہ اکادمی کے سیکریٹری کے طورپرجو خدمات سرانجام دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔قبل ازیں صدرشعبہ اُردو پروفیسرشہاب عنایت ملک نے استقبالیہ خطاب میںڈاکٹر رفیق مسعودی کاشرکاء سے متعارف کرایا۔ انہوں نے کہاکہ کلچرل اکادمی کو متحرک بنانے میں رفیق مسعودی کااہم کردار ہے ۔ اس دوران ڈاکٹرریاض احمد نے نظامت کے فرائض انجام دیئے جبکہ شکریہ کی تحریک ڈاکٹرچمن لعل نے پیش کی۔اس دوران تقریب میں طلباء ، اسکالرزاورمعززشہریوں کی کثیرتعدادموجودتھی۔