گاندربل //وزیر اعلیٰ سکوٹی سکیم کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ضلع گاندربل کی 50 ذہین طالبات میں سکوٹی تقسیم کیں۔اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس سکیم کامقصد طالبات کی نقل و حرکت میں آسانی پیدا کرنا ہے تاکہ وہ بغیر کسی مشکل کے اپنے خوابوں کو پور ا کرسکیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس سکیم سے طالبات میں اعتماد مزید مستحکم ہوگا اور وہ اپنی پڑھائی پر دھیان مرکوز کرسکیں گی۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ سکیم کے اغراض و مقاصدمد نظر رکھتے ہوئے اُن کی حکومت نے سرینگر اور جموں شہروں میں خواتین کی سہولیت کے لئے مخصوص بس سروس شروع کرنے کے احکامات دئیے اور اس سہولیت کو دیگر اضلاع میں بھی فراہم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے سکیم کی کامیاب عمل آوری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سکوٹی حاصل کرنے والی طالبات کو ٹریفک قوانین کی پاسداری کرنے کی تلقین کی۔انہوں نے کہا کہ گاندربل ضلع سے تعلق رکھنے والی طالبات کو اس سکیم کے دائرے میں لانے سے انہیں خوشی محسوس ہوئی ہے ۔یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ مذکورہ سکیم کو وزیر اعلیٰ نے گزشتہ برس ستمبر میں متعارف کیا تھا اور اب تک ریاست کے مختلف کالجوں سے تعلق رکھنے والی 1100 طالبات کو اس سکیم کے دائرے میں لایا گیا ہے۔سکیم کے تحت ذہین طالبات کو سکوٹی خریدنے کےلئے حکومت کی جانب سے 50فیصد سبسڈی فراہم کی جاتی ہے۔اس سے قبل اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ تعلیم سید محمد الطاف بخار ی نے تعلیم کے شعبے میں دلچسپی کا اظہار کرنے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ریاست میں تعلیم کے معیار کو بلند کرنے اور اس کو ملک میں بہترین شعبہ بنانے کے لئے کوشش کرے گا۔ اس موقعہ پر وزیر تعمیرات عامہ نعیم اختر ، ممبر اسمبلی گاندربل اشفاق جبار ، سابق وزیر قاضی افضل ،صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، آئی جی پی کشمیر ایس جے ایم گیلانی اور ضلع انتظامیہ کے کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔