جموں//نیشنل کانفرنس کوریاست کے تینوں خطوں جموں ، کشمیر اور لداخ کا ترجمان قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ اس جماعت نے لداخ کے لوگوں کو باعزت زندگی گزارنے کا موقع فراہم کیا اور یہ جماعت ہمیشہ اس خطہ کے لوگوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کوشاں رہے گی۔جموں میں لداخ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران انہوںنے کہاکہ لداخ کے لوگوںکو موسمی حالات کی وجہ سے کئی طرح کے چیلنجوںکاسامناہے لیکن وہ پھر بھی محنت اور مشقت سے کام کررہے ہیں۔وفد کی قیادت پارٹی کے لیہہ یونٹ کے صدر سونم واندس کررہے تھے۔ڈاکٹر فاروق نے کہاکہ نیشنل کانفرنس لداخ خطے کے مسائل حل کرنے کیلئے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔اس موقعہ پر پارٹی کے صوبائی صدر جموں دیوندر سنگھ بھی موجود تھے۔ڈاکٹر فاروق نے کہاکہ لوگوں کی حمایت نیشنل کانفرنس کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوںنے کہاکہ پارٹی تینوں خطوں اور ذیلی خطوں میں ترقی کی متمنی ہے۔انہوںنے کارکنان پر زور دیاکہ مقامی سطح کی قیادت کو محنت سے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ حتمی منزل حاصل کی جاسکے۔ ڈاکٹر فاروق نے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ پارٹی کو مضبوط بنائیں اور لوگوں کے مسائل ہر سطح پر اُجاگر کریں۔