مظفر آباد//متحدہ جہاد کونسل کے امیر سید صلاح الدین نے حزب المجاہدین کے سابق کمانڈروں غازی نصیب الدین ،انجینئر فردوس کرمانی ، غازی الیاس اور منظور احمد خان کی 20ویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کے مشن کو ادھورا نہ چھوڑنے کا عزم دہرایا ہے۔ حزب سربراہ نے اِن کمانڈروں کی یاد میں بلائی گئی ایک تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ قائدین انتہائی زیرک اعلیٰ تعلیم یافتہ،نبض شناس ،متقی اورعسکری امور کے ماہر ین تھے۔صلاح الدین نے کہا کہ اسلام اور آزادی کے ان پروانوں نے اپنا وجود قربان کرکے ،تحریک آزادی کشمیر کو ایک نئی جہت دی اور آج ہماری نوجوان نسل انہی عظیم جا نثاروں کے بتلائے اور دکھا ئے ہوئے راستے پر چل رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ قربانیاں دینا واقعی آسان نہیں ،لیکن یہی قربانیاں با لآخر منزل کا تعین کرلیتی ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ بھارتی قیادت اور اس کی ایجنسیاں اس خوش فہمی میں تھیں کہ ان قائدین کو بے دردی سے جاں بحق کرکے وہ اس تحریک کا قلع قمع کریں گے لیکن وقت نے ثا بت کیا کہ تحریک اس مقدس خون کے طفیل نہ صرف جاری ہے بلکہ اس میں آئے روز شدت آرہی ہے ۔