سرینگر// مسلم لیگ،ڈیمو کر یٹک پولٹیکل مومنٹ اورپیپلز لیگ نے ترال میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔مسلم لیگ کے ایک دھڑے کے سربراہ مشتاق الاسلام نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام بالخصوص نوجوان نسل سے جو جذبہ اور مثالی جرات دیکھنے کو مل رہا ہے ،اُس نے بھارت کے تکبر کے غبار سے ہوا نکال کر رکھ دی ہے۔ مسلم لیگ کے ہی دوسرے دھڑے کے مطابق تنظیم کا ایک وفد صدر ضلع اسلام آباد سبزار احمد ڈارکی قیادت میںترال گیا جہاں انہوں نے جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پرانہوں نے کہا کہ وہی قوم اپنی منزلِ مقصود تک پہنچ سکتی ہے جواِن جوانوں کے لہو کی آبیاری کرتے ہوئے اس مشن کو جاری و ساری رکھنے کا عزم کرے گی ۔اس دوران لیگ ترجمان نے کہا کہ مادیت کے اس دور میں جب ہر طرف لوگ حلال وحرام میں تمیز کئے بغیر دنیا کی رنگینیوں میں کھوئے ہوئے ہیں ایسے میں دنیاوی عیش و عشرت کو پائے حقارت سے ٹھکرا کر ہزاروں مشکلات کا سامنا کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ اب اس قوم کومراعات و مفادات کے شیشے میں اتار کر دھوکہ نہیں دیا جاسکتا۔ پیپلز لیگ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہی قوم اپنی منزلِ مقصود تک پہنچ سکتی ہے جو مقدس لہو کی آبیاری کرتے ہوئے اس مشن کو جاری و ساری رکھنے کا عزم کرے گی جس کے لئے انہوں نے اپنی جوانیوں کا نذرانہ پیش کیا ۔