ترال//ترال کے ہفو نگین پورہ علاقے میں رہائش پذیر لوگوں نے نقدی اور قیمتی اشیاء اڑالینے کا فورسز پر الزام عائد کیا ہے۔اس د وران علاقے میں گولہ باری کی وجہ سے کئی رہائشی مکانوں کو بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے اور کئی مویشی بھی گولہ باری سے بری طرح زخمی ہوئے ہیں۔گزشتہ دنوں جنگجوں اور فورسز کے درمیان تصادم شروع ہونے کے ساتھ ہی کئی افرادنے اپنے گھروں کوکھلا چھوڑ کر دوسرے محلوں اور بستیوں میں دو روز تک پناہ لی ۔اپنے گھروں کو لوٹنے کے بعد کئی مکینوں نے کہا کہ دھماکوں سے اُن کے مکانوںکو بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ فورسز اہلکاروں نے گھروں میں موجود نقدی اور قیمتی اشیاء اڑالی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ علاقے میںکئی مویشی گولیاں لگنے اور ملبے کے نیچے دب جانے سے بری طرح زخمی ہو کر ناکارہ ہوگئے ہیں۔ اس حوالے سے پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ انہیں مکانوں کے نقصان کے حوالے سے شکایت موصول ہوئی ہے تاہم نقدی اور قیمتی اشیاء اڑانے کے حوالے سے ابھی تک کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے تاہم اس کے باوجود بھی وہ معاملے کو دیکھ لیں گے۔