سرینگر// مکانات و شہری ترقی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے کل سرینگر شہر کے تفصیلی دورے کے دوران لاوڈا اور سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کئی پروجیکٹوں کا جائزہ لیا۔ لاوڈا کے وائس چیئرمین اور کلکٹر کے علاوہ ایس ایم سی کے کئی اعلیٰ افسران وزیر موصوفہ کے ہمراہ تھے۔آسیہ نقاش نے برار نمبل بابا ڈیمب کے دور ے کے دوران وہاں صفائی ستھرائی مہم کا معائینہ کیا۔ انہیں بتایاگیا کہ اس مقصدکے لئے چار مشینوں کو کام پر لگایا گیا ہے۔موصوفہ نے اچھن میں ایس ایم سی کی ڈمپنگ سائٹ کے کام کی سست رفتاری پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اس میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔آسیہ نقاش نے پارمپورہ میں قائم کئے جانے والے بس سٹینڈ کی جگہ کا معائینہ کیا جہاں انہیںبتایا گیا کہ اس سٹینڈ میں سومو گاڑیوں اور میٹاڈاروں کے علاوہ 400بسوں کی گنجائش ہے۔انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں پانی جمع ہونے کی شکایات کا نوٹس لے کر نکاسی کیلئے اقداما ت کئے جانے چاہئیں۔وزیر موصوفہ نے بمنہ رکھ آرتھ کا دورہ کر کے ڈل باسیوں کی باز آبادکاری کے کام کا جائزہ لیا۔انہیں بتایا گیا کہ کالونی 7562کنال پر محیط ہے جس میں سے 40کنال سیلاب زدگان کے لئے مخصوص رکھے گئے ہیں اور یہاں تقریباً 1700کنبوں کو زمین فراہم کی گئی ہے اور 467کنبے پہلے ہی یہاں بود و باش کر رہے ہیں۔ بعد میں وزیر موصوفہ نے ایس ڈی اے کمپلیکس میں ایک میٹنگ کے دوران تمام کاموں کی موثر عمل آوری اور بروقت تکمیل کی ہدایت دی۔اس سے قبل وزیر موصوفہ نے 5؍ مارچ کو بجلی ترسیلی لائین کی مرمت کے دوران جھلس کا جاں بحق ہوئے مشتاق احمد بٹ کے گھر جا کر ان کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔