راجوری//راجوری کے ٹنڈوال علاقے کے لوگوں نے جموں پونچھ شاہراہ کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کرکے احتجاج کیا ۔ان کی مانگ تھی کہ ان کیلئے قریبی سڑک رابطے کو کھولاجائے جو کرشی وگیان کیندرا شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز و ٹیکنالوجی سے ہوکر گزرتاہے ۔بڑی تعداد میںلوگ راجوری سے چار کلو میٹر دور دیریاں کے مقام پر جمع ہوگئے اور انہوںنے دھرنا دے کر سڑک بند کردی ۔اس دوران انہوںنے اپنے مطالبے کے حق میں ٹائر بھی جلائے اور نعرے بازی کی ۔انہوںنے کہاکہ اس قریبی سڑک کو نہیں کھولاجارہاجس بارے میں وہ کئی بار اپیل کرچکے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ راستہ بند رہنے کی وجہ سے انہیں طویل مسافت طے کرکے آناجاناپڑتاہے ۔احتجاج کو دیکھتے ہوئے پولیس پوسٹ راجوری سٹی کے سب انسپکٹر نصیر احمد اور تحصیلدار راجوری موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے مظاہرین کو یقین دلایاکہ ان کا یہ مسئلہ حل کیاجائے گاجس کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے اور گاڑیوں کی آمدورفت بحال ہوئی۔