منڈی//ضلع پونچھ میں ایک مرتبہ موسم نے پھر اپنا مزاج بدلا۔ ضلع کے بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے سردی میں بھی شددت آگئی ہے۔ اگر چہ گزشتہ ہفتہ پونچھ ضلع میں موسم خوشگوار رہنے سے لوگوں کو سردی سے کسی حد تک نجات ملی تھی مگر منگل کی صبح سے ہی ضلع میں موسم نے اپنا مزاج ایک مرتبہ پھر بدلا جس سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔بارش کے ساتھ ہی سردی میں شدٹ آگئی ہے جس کو دیکھتے ہوئے لوگوں نے گرم ملبوسات ایک مرتبہ پھر زیب تن کئے۔ ضلع کے بالائی علاقہ جات ساوجیاں، گگڑیاں، بیدار، بلنائی، لورن ،پلیرہ، اڑائی ،سانگلہ ،پمروٹ ،کے جی اور دوسرے علاقہ جات میں ہلکی ہلکی برف باری کا سلسلہ صبح سے ہی شروع ہو گیا تھا جبکہ میدانی علاقوں میں شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے درجہ حرارت کافی حد تک نیچے آگیاہے ۔ضلع میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیاہے ۔