جموں //صحت عامہ کے وزیر شیام لعل چودھری نے آج مال محکمہ کے حکام کو ہدایت دی کہ پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر سے بے گھر ہوئے کنبوں کی امداد کے لئے معقول اقدامات کئے جائیں تاکہ وہ مرکزی سرکار کی مالی پیکیج سے استفادہ کرسکیں۔وزیر نے یہ ہدایات آج یہاں سچیت گڈھ میں محکمہ مال کے افسران کی ایک میٹنگ کے دوران دیں ۔ انہوں نے پٹواریوں کو اپنے پٹوار حلقوں میں حاضر رہ کر اس سلسلے میں لوازمات پوراکرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی سہولیت کے لئے پٹواریوں کے فون نمبرات ان کے دفتر کے باہر دستیاب رکھے جانے چاہئے۔بعد میں پی او کے کے بے گھر ہوئے کنبوں کے ایک وفد نے وزیر موصوف کو اپنے مشکلات کے بارے میں جانکاری دی۔وزیر نے انہیں بتایا کہ حکومت نے ریلیف کی تقسیم کاری کے عمل کو آسان بنانے کے اقدامات کئے۔اس سے قبل وزیرموصوف نے ڈیوائن لائیٹ کانونٹ سکول آر ایس پورہ کے سالانہ دن کی تقریبات میں شرکت کی۔اس موقعہ پر اپنے خیالا ت کا اظہارکرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اساتذہ کو تعلیم کے معیار میں بہتر لا کر بچوں کو نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی تعلیم بھی دینی چاہئے۔اس موقعہ پر سکولی بچوں نے تمدنی پروگرام بھی پیش کئے۔