بانہال+سرینگر // جواہر ٹنل کے آرپار پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے میں تازہ برفباری اور مسلسل بارشوں کی وجہ سے کئی مقامات پر بھاری پتھر اور پسیاں گر آئیں جسکی وجہ سے تین سو کلومیٹر لمبی جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بدھ کو مکمل طور پرٹھپ رہی ۔بارشوں کی وجہ سے رام بن کے مہاڑ ، بیٹری چشمہ ، ڈگڈول اور پنتھیال وغیرہ کے مقامات پر پتھروں اور پسیوں کے گر آنے کی وجہ سے ٹریفک کو پولیس نے چلنے کی اجازت نہیںدی ۔ ٹریفک پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں کئی مقامات پر پسیوں اور گرتے پتھروں کا سلسلہ منگل کی شام سے ہی جاری تھا اور بدھ دن بھر میدانی علاقوں میں بارشیں اور پہاڑوں پر برفباری ہوتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ پسیوں اور گرتے پتھروں کی زد میں آئی شاہراہ پر بدھ کو گاڑیوں کی آمدورفت بحال کرنا ممکن نہیں ہو سکا اور کئی مقامات پر شاہراہ کو صاف کرنے کے باوجود بھی مزید پتھر اور پسیاں گر آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں فورلین شاہراہ کی کشادگی کے کام کے پیش نظر بھی کئی مقامات پر پسیوں اور پتھروں کے گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور ٹریفک کی بحالی ممکن نہیں ہو سکی۔اس دوران شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے بذریعہ ریل بانہال پہنچے سینکڑوں مسافر بانہال میں ہی درماندہ ہوکر رہ گئے۔جمعرات کو پبلک سروس کمیشن کی طرف سے پلس ٹو لیکچرار انگریزی مضامین کیلئے جموں میں انٹرویو میں شامل ہونے جارہے درجنوں امیدوار بھی درماندہ ہو کر رہ گئے ہیں۔کل بانہال ، کھڑی ، پوگل پرستان ، رام بن ، گول ، بٹوٹ اور پتنی ٹاپ ، جواہر ٹنل اور پیر پنچال کی ا ونچی پہاڑیوں پر درمیانہ درجے کی تازہ برفباری ہوئی ہے۔ ادھر وادی میں بالائی و میدانی علاقوں میں برف باری اور شدید بارشیں ہوئیں۔سونہ مرگ سمیت دیگر بالائی علاقوں میں منگل دوپہر سے تازہ برف کا سلسلہ شروع ہوا ۔سونہ مرگ میں 1فٹ تازہ برف ریکارڑ کی گئی جبکہ گگن گیر،کلان اورگنڈ سمیت دیگر بالائی علاقوں میں 5انچ سے زائد برف ریکارڑ کی گئی۔گلمرگ سمیت دیگر بالائی علاقوںمیں بدھ دوپہر بعد شدید برف باری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ٹنگمرگ سے مشتاق الحسن کے مطابق گلمرگ ،ٹنگمرگ،زیرن اور بابا ریشی میں دن بھر برف باری ہوتی رہی۔ گلمرگ میں 14 انچ، باباریشی میں 9 انچ اور ٹنگمرگ میں 5 انچ تازہ برف ریکارڈ کی گئی۔ الطاف باباکے مطابق بارہمولہ میں دن بھرہورہی برف باری اورمسلسل بارشوں کی وجہ سے قصبہ کی سڑکیں اورگلی کوچے زیر آب آگئے جس کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ۔اس دوران خان پورہ بارہمولہ کے لوگوں کو بھی آمد ورفت کے دوران سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔کپواڑہ سے اشرف چراغ نے اطلاع دی ہے کہ ضلع کے میدانی علاقوں میں بدھ کی صبح ہلکی بارشو ں کا جبکہ بالائی علاقوں میں بھاری برف باری کا سلسلہ شروع ہونے کی اطلاعات مو صول ہوئی جس کی وجہ سے نظام زندگی میں ایک بار دو بارہ خلل پڑ گیا۔چوکی بل ،فرکن ،کاچہامہ ،گزریال ،میلیال ،ہفرڈہ ۔تمنہ ۔دردپورہ ،زون ریشی ،خورہامہ ،ورنو ،ہایہامہ ،نوگام ،راجواڑ کے بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی جہاں 4سے 5انچ برف ریکارڈ کی گئی۔نستہ ژھن گلی (سادھنا ٹاپ ) پر 10انچ ،فرکیا ں گلی 8اور مژھل کی زیڈ گلی پر 1فٹ برف جمع ہوگئی ۔ملک عبدالسلام نے اطلاع دی ہے کہ بدھ کی شام تک پہلگام میں 8انچ جبکہ چندن واڑی،پسوٹاپ،وادی بیتاب اور آڈو میں ڈیڑفٹ تازہ برف ریکارڑ کی گئی ۔پلوامہ اور شوپیاںکی پہاڑی بستیوںمیں باری برف باری بدھ دن بھرہوتی رہی ۔پلوامہ کے سنگر ونی کے علاوہ شوپیاں کے پہاڑی بستیوں میں 5انچ تازہ برف پڑی۔