سرینگر// پدگام پورہ پلوامہ میں فورسز اہلکاروں کی طرف سے بلٹ اور پیلٹ سے زخمیوں میں سے 13 کو سرینگر کے صدر اسپتال منتقل کیا گیا ۔ زخمی ہونے والوں میں 4 کوگولیاں لگیں تھیں جبکہ 9افراد کو جسم کے مختلف حصوں میں پیلٹ لگے ہوئے تھے۔اسپتال میں 13زخمیوں کا اندراج کیا گیا جن میں ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ اسپتال ذرائع نے بتایا کہ چار افراد گولیوں کی وجہ سے زخمی ہوگئے ہیں جن میں ایک کی حالت نازک ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ اسپتال میں داخل کئے گئے 9 میں 6کی آنکھوں کو پیلٹ لگے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ چھ زخمی نوجوانوں میں سے تین کی دونوں آنکھوں کو پیلٹ لگے ہیں جبکہ مزید تین کی ایک آنکھ متاثر ہوئی ہے۔ ذرائع نے بتایا ’’ یاسر احمد ، ریاض احمد اور شوکت احمد کی دونوں آنکھوں میں پیلٹ لگے ہیں جبکہ زاہد اور محمد عامر کی ایک آنکھ میں پیلٹ لگے ہیں۔ صدر اسپتال میں شعبہ کے چشم کے سربراہ ڈاکٹر طارق قریشی نے بتایا ’’ تمام زخمیوں کو ابتدائی مرہم پٹی کی گئی ہے اور ایکسر ے اور دیگر ٹیسٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہوگا کہ کس کی آنکھوں میں کتنے گہرے زخم ہیں۔