جموں// نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر دویندرسنگھ رانا نے پی ڈی پی اوربی جے پی مخلوط حکومت پر فرقہ پرستی کوفروغ دینے کاالزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ حزب اقتدار جماعتیں سستی سیاست کرکے نہ صرف ریاست کو مذہبی اور خطوں کی بنیادپرتقسیم ہورہی ہے بلکہ عوامی مسائل کاازالہ کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی اوربی جے پی کی سماج میں تفریق کرنے کی کوششوں سے ریاست میں سیاسی غیریقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے عوام کوخدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے گذشتہ تین برسوں میں کوئی کامیابی حاصل نہیں کی ہے ۔ان خیالات کااظہار دویندرسنگھ رانا نے شیرکشمیربھون میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس دوران تقریب میں سابق کے ا ے ایس افسر چوہدری ریاض احمد ہکلہ کا نیشنل کانفرنس میں شمولیت کے موقعہ پر والہانہ استقبال کیا۔صوبائی صدر نیشنل کانفرنس دویندرسنگھ رانانے کہاکہ پی ڈی پی اوربی جے پی عوام میں تفرق ہی پید ا کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ دونوں جماعتوں نے اقتدارکی خاطر سماج کو فرقہ اورعلاقہ جات کی بنیادوں پرتقسیم کیا ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کووفاکرنے میں دونوں جماعتیں بری طرح ناکام ہوچکی ہیں۔رانا نے تقسیم کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شیخ محمد عبداللہ نے ریاست میں اتحاد کا پیغام دیا تھا اور جو لوگ ہندوئوں ، مسلمانوں، سکھوں اور عیسائیوں کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ ریاست کے حق میں کچھ بھی بہتر نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے اور اگر حالات کا دور اندیشی اور دانشمندی کے ساتھ سامنا نہیں کیا گیا تو اس کا خمیازہ نہ صرف ریاست بلکہ پورے ملک کو بھگتنا پڑ سکتا ہے۔ریاستی حکومت کو ہر محاذ پر ناکام قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مخلوط سرکار عوامی توقعات پر پورا نہیں اتر پائی ہے ، اس حکومت کی واحد حصولیابی غلط مقاصد کے لئے لوگوں کو اکسا کر ایک دوسرے کے خلاف صف آراء کرنا ہے۔اس موقعہ پر ریاض احمدہکلہ نے خطاب کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس پراعتماد کااظہارکیا۔اس موقعہ پر نیشنل کانفرنس کے ریاستی نائب صدور سید مشتاق احمد شاہ بخاری ، رتن لال گپتا ، عبدالغنی ملک، صوبائی سیکریٹری شیخ بشیراحمد کے علاوہ برج موہن شرما، بملالتھرا، دپندرکور ، جگل مہاجن، چوہدری ہارون، انل دھر، دھرم ویرسنگھ جموال، عبدالغنی تیلی، کے ڈی سنگھ،ایس ایس بنٹی، ایوب ملک، چوہدری شبیراحمد، بشیر، کومل منہاس،ریتاگپتا، روہت بالی، سوم راج تروچ ودیگران بھی موجودتھے۔