جموں//سی پی آئی ایم کے سینئر رہنما و ممبراسمبلی محمد یوسف تاریگامی نے پلوامہ انکائونٹر کے دوران 15سالہ نوجوان کی ہلاکت کی سخت الفاظ میںمذمت کرتے ہوئے کہاکہ سیکورٹی فورسز کو جوابدہ بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ایسے واقعات باربار دہرائے نہ جائیں ۔ پریس کے نام جاری ایک بیان میں تاریگامی نے کہاکہ کاکپورہ کے پندرہ سالہ عامر وانی کی ہلاکت نے ایک بار پھر یہ ظاہر کردیاہے کہ سیکورٹی فورسز جوابدہ نہیں اور انہیں ایسا کرنے کی عملاًچھوٹ ملی ہوئی ہے ۔ان کاکہناتھا’’ہم نے باربار دہرایاہے کہ طاقت آزمائی میں مسائل کا حل نہیں‘‘۔انہوںنے کہاکہ سرکار کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ معصوم ہلاکتوں کی تحقیقات کراکے ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائے۔سی پی آئی ایم رہنما کاکہناتھاکہ اسی لئے انہوںنے باربار مطالبہ کیاہے کہ آج تک کی ہلاکتوں خاص طور پر 2016میں مارے گئے افراد پر عدالتی تحقیقات کرائی جائے جس سے کم از کم خون ناحق میں کسی حد تک روک لگانے میں مدد ملتی اور سیکورٹی ایجنسیوں کو بھی جوابدہ بنایاجاتالیکن ایسا نہ کرکے سرکار نے عملا ًایسے واقعات دہرانے کی چھوٹ دے رکھی ہے ۔انہوںنے کہاکہ ان کے پاس ایسے الفاظ نہیں کہ اس دکھ کو بانٹ سکیں جو ان کنبوں اور لواحقین کو ان ہلاکتوں کی وجہ سے پہنچاہے۔تاریگامی نے کہاکہ ایسے واقعات سے ملنے والے صدمے کو وہی جانتاہے جس کا لخت جگر اس دنیا سے چلاجاتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ طاقت سے کوئی بھی مسئلہ حل نہیں ہوگا اور دیر سویر حکومت کو یہ تسلیم کرناہی پڑے گاکہ آخر بات چیت ہی وہ واحد راستہ ہے جس سے مسائل کا حل کیاجاسکتاہے ۔ان کاکہناتھاکہ کشمیر میں صورتحال تشویشناک بنتی جارہی ہے اور شہری ہلاکتوں میں روزبروز اضافہ ہورہاہے جو کسی بھی طور پرریاست کیلئے سود مند نہیں ۔انہوںنے کہاکہ انکائونٹر کے دوران زخمی ہونے والے افراد کے فوری طور پر علاج پر زور دیا ۔